رسائی کے لنکس

پاکستانی سینما انڈسٹری کے سنہری دن، 14 فلمیں تیار


سنہ 2013 پاکستانی فلم نگری کے لئے بہت اچھا سال رہا۔ پچاس سال کے بعد کسی پاکستانی فلم کو آسکر کی بہترین غیرملکی فلم کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا تو دوسری جانب ’وار‘ نے کروڑوں کا بزنس کرکے پاکستانی سینما کی نئی تاریخ رقم کردی

کراچی ... اچھی فلموں کے شوقین لوگوں کے لئے پاکستانی سینما کا دوبارہ عروج پر آنا کسی خواب کے سچ ہو جانے جیسا ہے۔ نئے موضوعات اور بہتر ٹیکنالوجی کے ساتھ بنائی گئی فلموں سے سینما کا کاروبار پھر سے چمک اٹھا ہے اور بڑے بڑے شہروں میں ملٹی پلیکس کا پروان چڑھتا کلچر بتا رہا ہے کہ سنیما انڈسٹری کے سنہری دن قریب ہیں۔

سنہ 2013 پاکستانی فلم نگری کے لئے بہت اچھا سال رہا۔ پچاس سال کے بعد کسی پاکستانی فلم کو آسکر کی بہترین غیرملکی فلم کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا تو دوسری جانب ’وار‘ نے کروڑوں کا بزنس کرکے پاکستانی سینما کی نئی تاریخ رقم کردی۔

’وار‘ کی کامیابی کے بعد بہت سے میڈیا ہاوٴسز، رائٹرز، ٹی وی چینلز اور ایکٹرز نے فلمیں بنانے کے اعلانات کئے ۔ ’ہم‘ ٹی وی نے پاکستان کی پہلی ڈانس فلم بنانے کی خوشخبری سنائی تو کرکٹر اور سیاستدان عمران خان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’کپتان‘ کے چرچے بھی رہے لیکن ہوا کیا؟ سال 2014آدھا گزرنے کے باوجود کوئی قابل ذکر یا ہٹ فلم شائقین تک نہیں پہنچ سکی۔

سال 2014 میں ’دی سسٹم‘ ریلیز ہوئی جو ناروے میں رہنے والے پاکستانی شہزاد غفور نے بنائی تھی۔ فلم کب سینما میں لگی اور کب اتر گئی کسی کو پتا نہیں چلا۔ایک اور فلم ’تمنا‘ بھی نمائش کے لئے پیش کی گئی لیکن اس کے پروموز سے ہی اندازہ ہوا کہ ’تمنا‘ کو فلم کے بجائے ’ٹیلی فلم‘ کی کیٹگری میں رکھنا چاہئے تھا۔

اے آر وائی فلمز نے چھوٹے اور بڑے بجٹ کی کم ازکم 6فلمیں بنانے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن، ایک بھی ریلیز نہ ہوسکی۔ چیف ایگزیکٹیو اے آر وائی فلمز جرجیس سیجا نے اخبار ’دی فرائیڈے ٹائمز‘ کو بتایا کہ سال 2014کے آنے والے مہینوں میں چھوٹے بڑے بجٹ کی8سے 10فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔

’زندہ بھاگ‘ کے پروڈیوسر مظہر زیدی کا کہنا ہے ’گوگل پر سرچ کرو تو50آنے والی پاکستانی فلموں کے نام سامنے آتے ہیں۔ لیکن، کسی کی بھی ریلیز ڈیٹ واضح طور پر نہیں دی گئی۔‘

ویٹرن فلم میکر سید نور کی دو فلمیں جلد ریلیز ہونے والی ہیں۔سید نور کہتے ہیں ’شائقین فلم کو صبر کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ فلم کے اعلان سے تکمیل تک کم ازکم 12سے 18مہینے لگتے ہیں۔‘

آئیے دیکھتے ہیں کہ اس ساری غیریقینی صورتحال کے باوجود آئندہ 12مہینوں کے دوران کون کون سی فلمیں پاکستانی سینما اسکرین پر جگمگا سکتی ہیں۔

ڈانس کہانی
ڈائریکٹر سید عمر اور ایچ ٹو او فلمز اور آئن انٹرٹینمنٹ کی فلم ’ڈانس کہانی‘ پہلی فلم ہے جس کا موضوع ڈانس ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس کا ڈانسر بننے کا خواب چکنا چور ہو جاتا ہے۔فلم کی کاسٹ میں میڈیلین ہنا، علمدارخان اور ورنن یوچونگ شامل ہیں۔

آنے والی فلم " جلیبی " کا ایک منظر
آنے والی فلم " جلیبی " کا ایک منظر

جلیبی
جلیبی ایکشن تھرلر فلم ہے جس کی ڈائریکشن دی ہیں میوزک ویڈیو ڈائرکٹر یاسر جسوال نے۔ فلم کے مرکزی کردار اپنے اپنے مسائل کے حل کے لئے جو راستے اختیار کرتے ہیں کہانی اس ساری جدوجہد کے گرد بنی گئی ہے۔ دانش تیمور، علی سفینہ ،علی رحمٰن، عذیر جسوال ، وقار علی خان اور ژالے سرحدی فلم کی کاسٹ کاحصہ ہیں۔

کمبخت
’کمبخت‘کامیڈی ایکشن فلم ہے جس میں ایک کردار کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے جبکہ دوسرا کسی اور جدید شہرکا رہنے والا ہے۔ مختلف بیک گراوٴنڈز سے تعلق رکھنے والے ان دونوں افراد کی دوستی کیا کیا گل کھلاتی ہے یہی کہانی ہے ’کمبخت‘ کی۔ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں ہمایوں سعید،شفقت چیمہ،شہریار منور،فضا زہرہ۔

مور
’مور‘ جس کے پشتو میں معنی ’ماں‘ کے ہیں فلم میکر جامی کا بطور ڈائریکٹر پہلا پروجیکٹ ہے۔فلم کی کہانی 1984میں ژوب ویلی میں ریلوے کی بندش اورکرپشن سے متاثر ہونے والے خاندان کے گرد گردش کرتی ہے۔فلم کاسٹ مشتمل ہے حمید شیخ ، سمیعہ ممتاز، شازخان اور دیگر پر۔


ماہ میر
فہدمصطفی، ایمان، صنم سعید جیسی اسٹار کاسٹ کے ساتھ بنائی گئی فلم ’ماہ میر‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے انجم شہزاد اور سرمد صہبائی نے۔ فلم بائیو گرافیکل ڈرامہ ہے جو اردو کے مشہور شاعر میرتقی میر کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ فلم کے رائٹراور ڈائریکٹر ہیں سرمد صہبائی۔

نامعلوم افراد
سوشل ،کامیڈی تھرلر ’نامعلوم افراد‘ کو ڈائرکٹ کیا ہے نبیل قریشی نے جو کہانی ہے تین افراد کی بہتر زندگی کی تلاش میں کی جانے والی جدوجہد اور اس میں حائل رکاوٹوں کی۔ماڈل اورایکٹریس مہوش حیات کی فلم میں اسپیشل اپرئنس ہے۔ فلم کا تھیم سانگ سجاد علی نے گایا ہے۔

زیرو ٹوئنٹی ون
’زیرو ٹوئنٹی ون‘ایسی فلم ہے جس کی ریلیز کے سب بے تابی سے منتظر ہیں۔ افغانستان میں 30سال تک جنگ لڑنے کے بعد ایک شخص (ایوب کھوسو)پاکستانی ساتھی (شان)کے ساتھ مل کر پاکستان اور افغانستان کو مزید جنگ اورخطرات سے بچانا چاہتا ہے اور وہ بھی 21گھنٹوں کے اندر۔۔اپنی اور اپنے خاندان والوں کی جان خطرے میں ڈال کر۔ فلم میں شان ، آمنہ شیخ، شمعون عباسی جیسے اسٹار ز شامل ہیں۔

پرائس آف آنر کے ستارے
پرائس آف آنر کے ستارے

پرائس آف آنر
سید نور کی فلم ’پرائس آف آنر‘ کی کہانی غیرت کے نام پر کئے جانے والے قتل کے گردگھومتی ہے۔ فلم کی کاسٹ کے لئے نوجوانوں کا انتخاب کیا گیا ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ پروگرام کے ذریعے جس کی میزبان تھیں فلم اسٹارنور۔۔فلم کی زیادہ ترشوٹنگ رحیم یارخان میں کی گئی ہے۔

سایہ خدائے ذوالجلال
’وار‘ کی کامیابی کے بعد ’سایہ خدائے ذوالجلال‘ دوسری فلم ہے جو انٹر سروسز پبلک ریلیشنز اورائیر فورس کی معاونت سے بنائی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی 1965کے ہیروز کی کہانی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں شان ، ریشم اور ارباز خان۔

سلطنت
سلطنت ایکشن تھرلرہے جس کی کاسٹ میں پاکستانی اوربھارتی ٹیلی ویژن کے بہت سے اسٹارز شامل ہیں۔فلم کی شوٹنگ دبئی،تھائی لینڈ اورمصرمیں کی گئی ہے اور فلم انڈر ورلڈ کے گرد گھومتی ہے۔

اس کے علاوہ سال 2014 میں ریلیز ہونے والی قابل ذکر فلموں میں شامل ہیں شرمین عبید چنائے اور اے آروائی فلمز کی مشترکہ پیشکش ”تین بہادر“ جو پاکستان کی پہلی اینیمیڈڈ فلم ہوگی۔

بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ کی فلم ’ارتھ‘ کا ری میک ’ارتھ 2“پاکستانی اداکار شان بنا رہے ہیں جبکہ بلال لاشاری کی جانب سے ’مولاجٹ ‘کا ری میک اور’وار‘ کا سیکوئل ” وار2“ بھی زیر تکمیل ہے۔

XS
SM
MD
LG