رسائی کے لنکس

موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مشاہدہ، اوباما کا آرکٹک کا دورہ


صدر اوباما نے ’کوزیبو‘ نامی ایک چھوٹے سے قصبے کا دورہ کیا، جس کی آبادی 3100 نفوس پر مشتمل ہے۔ اِن دِنوں، یہ خطہ سمندری سطح بلند ہونے کے باعث بُری طرح سے ساحلی کٹاؤ کا شکار ہے

صدر براک اوباما نے بدھ کے روز امریکی’آرکٹک سرکل‘ میں بسنے والی شمالی برادری سے ملاقات کی، ایسے میں جب الاسکا کا اُن کا سہ روزہ دورہ اختتام کے قریب تھا۔ دورے کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی نشاندہی کرنا تھا۔۔۔ اور یوں، وہ پہلے امریکی صدر ہیں جنھوں نے اپنے عہدہٴصدارت کے دوران یہ سفر کیا۔

صدر اوباما نے ’کوزیبو‘ نامی ایک چھوٹے سے قصبے کا دورہ کیا، جس کی آبادی 3100 نفوس پر مشتمل ہے۔ اِن دِنوں، یہ خطہ سمندری سطح بلند ہونے کے باعث بُری طرح سے ساحلی کٹاؤ کا شکار ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق، الاسکا کی برادریوں کا یہ ایک دور افتادہ خطہ ہے؛ اور صدر نے اس موقع پر نئے منصوبوں کا اعلان کیا، تاکہ نئے چیلنجوں سے نمٹا جاسکے۔ اِن منصوبوں میں وہ اقدام میں شامل ہیں جن کی مدد سے یہاں آباد برادریاں موسمیاتی تبدیلی کے مستقبل کے نئے چیلنجوں سے مؤثر طور پر نبرد آزما ہو سکیں۔

الاسکا کے صدر اوباما کے اِس اہم دورے کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں ماحولیات سے متعلق شروع کی گئی اُن کی پالیسیوں کی حمایت کا حصول تھا۔ چند امریکی قانون ساز اِن پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔

منگل کے روز، صدر نے الاسکا کے تیزی سے پگھلتے ہوئے گلیشئر کے سامنے کھڑے ہوکر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے معاملے کو اجاگر کیا، ایسے میں جب اُنھوں نے امریکہ کی اِس دور افتادہ شمال مغربی ریاست کا تاریخ ساز دورہ جاری رکھا۔

صدر اوباما پگھلتے ہوئے گلیشئر کے سامنے کھڑے تھے، جو گذشتہ دو صدیوں کے دوران دو کلومیٹر سے زیادہ گَل چکا ہے۔ بقول اُن کے، ’اِس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جب معاملہ موسمیاتی تبدیلی کا ہو، تو ہمیں فکر ضرور لاحق ہونی چاہیئے‘۔

صدر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں موسما سرما کے دوران کم برف گرنے اور گومیوں کے موسم میں شدت کی گرمی پڑنے لگی ہے، قطبی خطے کی برف پگھلنے لگی ہے اور سمندروں کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بقول اُن کے، ’یہ صورت حال یہ ہنگامی پیغام دیتی ہے کہ ہمیں تیزی سے اقدام کرنے کی ضرورت ہے‘۔

XS
SM
MD
LG