رسائی کے لنکس

شفاف توانائی کا فروغ، اوباما کا تقریب سے خطاب


منتظمین کے مطابق، ماحول دوست توانائی کےقومی سربراہ اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ سرکاری اور نجی شعبہ جات کی سطح پر کس طرح مل کر کوششیں کی جائیں، جن سے شفاف توانائی کے حل کی صورت نکلے اور امریکی بجلی کے گرڈ کو کس طرح جدید ترین بنایا جائے

امریکی صدر براک اوباما پیر کے روز لاس ویگاس میں توانائی کی پیداوار پر سربراہ اجلاس سے کلیدی خطاب کریں گے، جس میں امریکہ کی بجلی کی پیداوار میں ماحول دوست عنصر پر دھیان مرکوز رکھنے پر زور دیں گے۔

یہ تقریب ایسے وقت ہو رہی ہے جب مسٹر اوباما دو ہفتے کی تعطیل سے واپس لوٹے ہیں، اور آئندہ چند ماہ کے دوران وہ متعدد اہم معاملات پر دھیان دیں گے، جِن میں شکوک کی شکار کانگریس سے بین الاقوامی برادری کی جانب سے طے کردہ ایران کے جوہری پروگرام کی منظوری کا معاملہ شامل ہے۔

تاہم، ایسے میں جب عالمی سطح پر اس سال کے آخر تک موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سمجھوتا طے پانا ہے، داخلی طور پر صدر ملک میں اصلاحات پر زور دے رہے ہیں، جن کی مدد سے کاربن کے اخراج میں کمی لائی جا سکے۔

منتظمین کے مطابق، ماحول دوست توانائی کےقومی سربراہ اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ سرکاری اور نجی شعبہ جات کی سطح پر کس طرح مل کر کوششیں کی جائیں، جن سے شفاف توانائی کے حل کی صورت نکلے اور امریکی بجلی کے گرڈ کو کس طرح جدید بنایا جائے۔

مسٹر اوباما کے علاوہ، بجلی پیدا کرنے والے اداروں، شمسی توانائی اور بجلی سے چلنے والی کاریں بنانے والے رہنما تقریب سے خطاب کریں گے۔

اِس سے قبل، اِسی ماہ مسٹر اوباما نے بجلی کی تنصیبات کے لیے نئے ضابطوں کا اعلان کیا، جِن کا مقصد 2030ء تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کے انخلا میں 2005ء کی سطح سے 32 فی صد کی کمی لانے کے ہدف کا حصول شامل ہے۔

منصوبے پر عمل درآمد کے دوران دوبارہ استعمال کے قابل توانائی کے ذرائع پر زور دیا جائے گا، تاکہ متبادل توانائی کی سطح بجلی کی مجموعی پیداور کے28 فی صد کے مساوی حد تک میسر ہو۔

حالیہ برسوں کے دوران بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں اپنی تنصیبات میں جدت لارہی ہیں، جن میں وہ قدرتی گیس، شمسی توانائی اور ہوا سے حاصل کردہ بجلی پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں۔

اس کے نتیجے میں، سرکاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ کوئلے سے چلنے والی تنصیبات کو کم کرکے کاربن کے اخراج میں کٹوتی لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG