امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے اپنے لاطینی امریکہ کے چھ ملکوں کے دورے کی تیسری منزل میں زلزلے سے بُری طرح متاثر چلے کے لیے امریکی امداد کا وعدہ کیا ہے۔
ہلری کلنٹن نے سان تیاگو میں نامہ نگاروں سے کہا ہے کہ چلے کی حکومت کو جس قسم کی امداد کی ضرورت ہوگی، امریکہ وہ امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے چلے کی صدر مشل باچالے کے ہمراہ نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چلے نے اس سال ہیٹی کے تباہ کُن زلزلے کے بعد اُس ملک کے لیے جو کچھ کیا، امریکہ اُس کے لیے چلے کا ممنون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چلے کی امدادی ٹیمیں، دنیا کی بعض بہترین ٹیموں میں سے تھیں۔
امریکی وزیرِ خارجہ چلے کے دارالحکومت کے مختصر دورے میں اُس ملک کے نو منتخب صدر سبستین پِنیرا کے ساتھ مذاکرات کررہی ہیں، جو اگلے ہفتے اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔
وزیرِ خارجہ کلنٹن چلے کے لیے وہ سیٹلائیٹ ٹیلی فون بھی لے کر گئى ہیں جن کی چلے کو شدید ضرورت تھی۔ وہ اپنے اس دورے میں چلے کے لیے امریکی امداد کی باقی تفصیلات پر بھی بات چیت کررہی ہیں۔