رسائی کے لنکس

ہیلری کلنٹن کی شامی حزبِ اختلاف کےراہنماؤں سے ملاقات


ہیلری کلنٹن کی شامی حزبِ اختلاف کےراہنماؤں سے ملاقات
ہیلری کلنٹن کی شامی حزبِ اختلاف کےراہنماؤں سے ملاقات

ملاقات کا مقصد شام کو جمہوریت کی طرف لے جانےاور ملک میں موجود اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے سے متعلق منصوبوں پر تبادلہٴ خیال کرنا تھا

امریکی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ ان کا ملک حزبِ مخالف کی جماعتوں کی جانب سے شام میں جمہوریت کے حصول کے لیے کی جانےوالی کوششوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے یہ بیان منگل کوجنیوا میں شامی حزبِ اختلاف کے اتحاد 'سیرین نیشنل کونسل' کے راہنماؤں سے ملاقات میں دیا۔

ملاقات کا مقصد شام کو جمہوریت کی طرف لے جانے اور ملک میں موجود اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے سے متعلق منصوبوں پر تبادلہٴ خیال کرنا تھا۔

سیکریٹری کلنٹن کی شامی حزبِ اختلاف کے رہنماؤں سے یہ پہلی ملاقات تھی جن میں کونسل کے صدر، انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے لیے کونسل کے رابطہ کاروں سمیت سات رہنما شریک تھے۔

ملاقات کرنے والے تمام شامی رہنما دیگر ممالک میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ملاقاتیوں میں شامل ایک رہنما کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

دریں اثنا شام کے لیے امریکی سفیر رابرٹ فورڈ دوبارہ دمشق پہنچ گئے ہیں۔ فورڈ کی زندگی کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر انہیں اکتوبر میں امریکہ واپس بلالیا گیا تھا۔

انہیں وطن واپس طلب کرتے وقت امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ سفیر کو واشنگٹن بلائے جانے کی وجہ انہیں ملنے والی "سنگین نتائج کی دھمکیاں" اور ان کے خلاف عوامی جذبات بھڑکانے کی سرکاری کوششیں تھیں۔

امریکی اقدام کے جواب میں دمشق نے بھی واشنگٹن سے اپنا سفیر واپس بلالیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رابرٹ فورڈ کی دمشق میں دوبارہ موجودگی اس بات کا موثر اظہار ہے کہ امریکہ شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی سفیر سیاسی مخالفین کے خلاف شامی حکومت کی پرتشدد کاروائیوں کے کڑے ناقد رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG