رسائی کے لنکس

امریکہ: معمر شخص نے بینک لوٹ کر رقم ہوا میں اڑا دی


پولیس کے مطابق ملزم نے بینک سے 10 ہزار ڈالرز چرائے اور بینک کے عملے کو اسلحہ استعمال کرنے کی دھمکی بھی دی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بینک سے 10 ہزار ڈالرز چرائے اور بینک کے عملے کو اسلحہ استعمال کرنے کی دھمکی بھی دی۔

امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک شخص نے لوگوں کی کرسمس کی مبارک باد دینے کا ایک انوکھا انداز اپنایا جس پر اسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے بینک لوٹ کر رقم سڑکوں پر اڑا دی۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کولوراڈو پولیس نے ایک سفید داڑھی والے عمر رسیدہ شخص کو بینک لوٹنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے بینک لوٹنے کے بعد ہزاروں ڈالرز سڑک پر ہوا میں اچھال دیے اور لوگوں کو کرسمس کی مبارک باد بھی دی۔

پولیس اور مقامی میڈیا کے مطابق ملزم کی عمر 65 برس ہے جس کا نام ڈیوڈ وین اولیور بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پیر کو بینک میں اس وقت ڈکیتی کی جب دوپہر کے کھانے کا وقت تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے بینک سے 10 ہزار ڈالرز چرائے اور بینک کے عملے کو اسلحہ استعمال کرنے کی دھمکی بھی دی۔ البتہ پولیس کو ملزم کی جانب سے اسلحہ استعمال کرنے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

کولوراڈو کے ایک مقامی ٹی وی چینل پر واقعے کے ایک عینی شاہد ڈیون پاسکل کا بیان نشر کیا گیا جس نے بتایا ہے کہ ملزم نے بینک سے باہر نکل کر کرنسی نوٹ ہوا میں اڑانا شروع کر دیے اور پھر زور زور سے میری کرسمس چلانے لگا۔

عینی شاہد کے بقول ملزم نے پیسے ایک بیگ میں رکھے ہوئے تھے جس سے وہ نکال کر ہوا میں پھینک رہا تھا اور ساتھ ہی لوگوں کو کرسمس کی مبارک باد بھی دے رہا تھا۔

ڈیون پاسکل کے مطابق ملزم پیسے اڑانے کے بعد قریب ہی واقع ایک کافی شاپ میں جا کر بیٹھ گیا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ پولیس کی جانب سے خود کو گرفتار کیے جانے کے انتظار میں ہے۔

عینی شاہد نے مزید بتایا کہ کچھ راہ گیروں نے سڑک پر بکھری رقم اٹھائی اور بینک کو واپس کر دی۔

پولیس کی جانب سے ملزم کو گرفتار کیے جانے کے بعد حراست میں ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے۔ ملزم کو ایل پاسو کی ایک جیل میں قید کیا گیا ہے۔

جیل ریکارڈ کے مطابق ملزم کو جمعرات کو پہلی بار عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG