رسائی کے لنکس

معروف کامیڈین امان اللہ انتقال کر گئے


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے معروف کامیڈین امان اللہ خان طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔ امان اللہ سانس کی تکلیف کے باعث لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ڈاکٹرز کے مطابق امان اللہ پھیپھڑوں کے علاوہ گردوں کے عارضے میں بھی مبتلا تھے۔ گزشتہ پانچ روز سے اُن کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث اُنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

امان اللہ 1950 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ اُنہوں نے سیکڑوں اسٹیج ڈراموں میں کام کیا۔ 70 اور 80 کی دہائی میں اُنہوں نے اسٹینڈ اپ کامیڈی کے باعث شہرت حاصل کی۔ اُن کا شمار پاکستان میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے بانیوں میں کیا جاتا ہے۔

امان اللہ کے مشہور ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا، ڈسکو دیوانے، بڑا مزا آئے گا، محبت سی این جی، یو پی ایس شامل ہیں۔

امان اللہ نجی نیوز چینل دُنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام 'مذاق رات' سے وابستہ تھے۔ اس سے قبل وہ جیو نیوز کے پروگرام 'خبرناک' میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہے۔

اُنہیں 2018 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔

امان اللہ نے مختلف فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے جن میں 'نامعلوم افراد' اور 'ون ٹو کا ون' بھی شامل ہیں۔

اُنہیں 'کنگ آف کامیڈی' کے لقب سے پکارا جاتا تھا۔

پاکستان کی اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے امان اللہ کے انتقال پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG