رسائی کے لنکس

ملالہ سے مشابہت پر امریکی اداکارہ کا اظہارِ مسرت


فائل
فائل

بھارتی نژاد 35 سالہ اداکار نے 'ٹوئٹر' پر کہا ہے کہ وہ ملالہ سمجھے جانے پر خوش ہیں اور اس خوشی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ملالہ کی عمر صرف 17 برس ہے۔

امریکی اداکارہ منڈی کیلنگ نے ایک بزرگ شخص کی جانب سے انہیں ملالہ یوسف زئی سمجھ کر ان سے گفتگو کرنے کے واقعے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی نژاد 35 سالہ اداکار نے 'ٹوئٹر' پر کہا ہے کہ وہ ملالہ سمجھے جانے پر خوش ہیں اور اس خوشی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ملالہ کی عمر صرف 17 برس ہے۔

منڈی کیلنگ امریکہ میں ٹی وی ڈراموں کی ایک معروف اداکارہ ہیں جنہیں رواں ماہ نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں ہونے والی ایک سماجی تقریب میں ایک بزرگ شخص نے ملالہ سمجھ کر ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے تھے۔

امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' کے مطابق تقریب میں موجود ایک 80 سالہ شخص منڈی کیلنگ کے پاس آئے اور انہیں ملالہ سمجھ کر ان کی تعریفیں کرنے لگے۔

رپورٹ کے مطابق موصوف نے امریکی اداکارہ کو امن کا نوبیل انعام ملنے پر مبارک باد بھی دے ڈالی اور اس بات پر اپنے تعجب کا بھی اظہار کیا کہ وہ کس طرح طالبان کی گولیوں کا نشانہ بننے کے واقعے کے منفی اثرات پر مکمل قابو پانے میں کامیاب ہوئیں۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ منڈی کیلنگ کے لیے یہ سب کچھ اتنا اچانک تھا کہ وہ گنگ ہو کر رہ گئیں اور خود سے مخاطب ہونے والے صاحب کی غلط فہمی کا ازالہ بھی نہیں کرسکیں۔

بعد ازاں ان صاحب کے چلے جانے کے بعد کیلنگ نے اپنے ارد گرد موجود لوگوں سے حیرت سے استفسار کیا، "کیا یہ صاحب واقعی مجھے ملالہ سمجھ رہے تھے؟"

پاکستان کے علاقے سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوششیں کرنے کی پاداش میں طالبان کی گولیوں کا نشانہ بننے کے بعد مغربی ممالک میں ایک 'اسٹار' بن چکی ہیں۔

رواں ماہ ملالہ کے لیے امن کے نوبیل انعام کا بھی اعلان کیا گیا تھا جس نے مغربی دنیا میں ان کی شہرت کو چار چاند لگادیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG