رسائی کے لنکس

کامن ویلتھ کھیل: نائجیریا کا ایک اور ایتھلیٹ ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام


کامن ویلتھ کھیل: نائجیریا کا ایک اور ایتھلیٹ ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام
کامن ویلتھ کھیل: نائجیریا کا ایک اور ایتھلیٹ ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام

کامن ویلتھ کھیلوں کے دوران گذشتہ 24گھنٹے کے اندر نائجیریا کا ایک اور ایتھلیٹ ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام پایا گیا ہے ، اور نائجیریا کی ٹیم اِن دونوں واقعات کی جانچ کر رہی ہے۔

گیمز فیڈریشن کے صدر مائیک فینل نے منگل کے روز ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ جمعے کے روز 101میٹر رکاوٹ دوڑ میں چھٹی پوزیشن پر آنے والے نائجیریا کے ایتھلیٹ سیموئل اوکون کو بھی اُسی دوا کے استعمال کا مرتکب پایا گیا ہے جِس کے استعمال پر پیر کےروز اوسائمی نام کی ایک اور ایتھلیٹ کو معطل کیا گیا تھا۔ اوسائمی اِوینٹ کی گولڈ میڈلسٹ ہے۔

اِن دونوں کھلاڑیوں کو میتھیائل ہیگزانی مائین کے استعال کا مرتکب پایا گیا ہے۔اگر اوسائمی سیمپل ٹیسٹ میں ناکام ثابت ہوتی ہیں تو اُن سے میڈل چھین لیا جائے گا۔ اِس سے قبل، آسٹریلیا کی اسپرنٹر، سیلی پیرسن کو 100میٹر اِیونٹ میں غلط اسٹارٹ لینے پر گولڈ میڈل سے محروم کرکے اوسائمی کو دے دیا گیا تھا۔

کامن ویلتھ کھیلوں کے انعقاد سے قبل منفی رپورٹنگ کی وجہ سے بھارت کی زبردست بدنامی کے بعد اب جب کہ اُن کھیلوں کا کامیاب انعقاد ہو رہا ہے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیرمین سریش کلماتی اولمپک کے انعقاد کا خواب دیکھنے لگے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ بھارت اولمپک بھی منعقد کرا سکتا ہے۔اِس سے قبل، دہلی کی وزیرِ اعلیٰ شیلا ڈگشٹ بھی اِسی خیال کا اظہار کر چکی ہیں۔

کامن ویلتھ کھیلوں کے اختتام میں اب محض تین روز رہ گئے ہیں لیکن بہت سے اسٹیڈیم اور میدان اب بھی سُونے پڑے ہیں۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے سکریٹری للت بھنوٹ کے بقول، وہ دس لاکھ ٹکٹوں کی فروخت پر بہت ہیں۔ لیکن، مائیک فینل شائقین کی کم تعداد پر اب بھی مایوس ہیں۔ تاہم، اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ زبردست سکیورٹی کی وجہ سے زیادہ لوگ نہیں آ پارہے ہیں۔

اتوار کے روز سائیکلنگ مقابلے کے دوران کناٹ پیلیس اور انڈیا گیٹ سمیت بہت سے علاقوں کو بند کردیا گیا تھا۔ بھارت کو گولڈ میڈل ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ شوٹنگ رینج میں حنا سدھو اور انوج راج سنگھ نے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ یہ تمغہ دس میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں حاصل ہوا ہے اور یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

پاکستان نے ایک اور تمغہ جیت لیا ہے اور اِس طرح اُسے پانچ تمغے حاصل ہوئے ہیں۔2006ء کے میلبورن کامن ویلتھ کھیلوں میں بھی اُسے پانچ تمغے ملے تھے۔ کھیل کے نویں روز آسٹریلیا اب بھی سرِ فہرست ہے۔ بھارت دوسرے نمبر پر اور انگلینڈ تیسرے نمبر پر۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG