رسائی کے لنکس

کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شوبز ستارے متحرک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور عوام میں شعور اُجاگر کرنے کے لیے فن کی دُنیا سے تعلق رکھنے والے ستارے بھی میدان میں آ گئے ہیں۔

بہت سے فن کاروں نے خود ساختہ تنہائی اختیار کر رکھی ہے اور عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔

بالی وڈ اسٹار شاہ رُخ خان نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں اپنے پرستاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کریں، تاکہ اس وائرس سے بچا جا سکے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ رُخ خان کا کہنا ہے کہ دُنیا بھر کو اس وبا نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ لہذٰا ہم سب کو مل کر اسے شکست دینا ہو گی۔ شاہ رُخ خان نے کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہیے۔

شاہ رُخ خان کا کہنا ہے کہ ہمیں بار بار اپنے ہاتھ دھونے چاہئیں، اگر چھینک آئے تو اپنے منہ کو کہنی سے ڈھانپ لینا ضروری ہے۔ اور اگر ہو سکے تو آنے والے 15 دنوں میں بھیڑ والی جگہ پر نہ جائیں۔

بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ جس میں اُن کے علاوہ انیل کپور، مادھوری ڈکشٹ، رنویر سنگھ، شلپا شیٹھی، ورون دھون، ارجن کپور، ایوشمان کھرانہ، عالیہ بھٹ،اجے دیوگن، اکشے کمار نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وائرس کا متحد ہو کر مقابلہ کریں۔

ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اگر ہم نے مل کر اس وبا کا مقابلہ کیا تو بہت جلد ہم اسے شکست دے دیں گے۔

پاکستان اور بھارت میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں ہفتے کو کرونا وائرس کے 534 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ بھارت میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 270 سے تجاوز کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG