رسائی کے لنکس

امریکی اسکول کرونا وائرس کے لیے تیار


امریکہ میں کرونا وائرس کے 60 مریضوں کی تصدیق کے بعد ملک بھر کے اسکولوں نے بچوں کو وائرس سے بچاؤ کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں، جس میں طالب علموں کو اپنے گھر سے انٹرنیٹ کے ذریعے کلاس روم تک رسائی دینا بھی شامل ہے۔

صدر ٹرمپ اگرچہ یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکہ کرونا وائرس کے مقابلے کے لیے تیار ہے، لیکن انہوں نے حال ہی میں اسکولوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال کے مقابلے کے لیے خود کو تیار کرنا شروع کر دیں۔

فلوریڈا سے لے کر کیلی فورنیا تک کے اسکولوں کے ڈسٹرکٹ بورڈز نے بچوں کے والدین کو اس ہفتے خط بھیجے ہیں، جن میں یہ مشورے بھی شامل ہیں کہ فلو جیسی علامات کی صورت میں انہیں کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

اسکولوں میں صفائی کے عملے کو یہ ہدایات کر دی گئی ہیں کہ وہ دروازوں اور ان چیزوں کو دن میں کئی بار صاف کریں جنہیں طالب علم بار بار چھوتے ہیں۔ انہیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جراثیم کش ادویات کے استعمال میں اضافہ کر دیں۔

ریاست میامی میں تعلیمی اداروں نے لگ بھگ دو لاکھ لیپ ٹاپ ضروری اسباق کے ساتھ تیار کرنا شروع کر دیے ہیں، تاکہ اگر ہنگامی حالات میں اسکولوں کو غیر معینہ عرصے کے بند کرنے کی ضرورت پڑی تو طالب علم آن لائن اپنے گھر سے کلاس میں شرکت کر سکیں۔

امریکہ کے اکثر اسکولوں میں آن لائن کلاسز کی سہولت دستیاب ہے۔ تاہم، جو اسکول تمام شعبوں میں آن لائن کلاسز فراہم نہیں کرتے، وہ خصوصی اسباق تیار کر رہے ہیں جنہیں سکول بند ہونے کی صورت میں ای میل کے ذریعے طالب علموں کو بھجوا دیا جائے گا۔

کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر، امریکہ بھر میں اکثر اسکولوں نے طالب علموں کے بیرون ملک دوروں کے پروگرام منسوخ کر دیے ہیں۔

ریاست کولوراڈو میں، جہاں قانون کے تحت تعلیمی سال میں کم ازکم 160 دن کی حاضری ضروری ہے، عہدے داروں نے کہا ہے کہ حالات کے تناظر میں اس پابندی کو نرم کر دیا گیا ہے۔

امریکہ کے زیادہ تر تعلیمی ڈسٹرکٹس نے سکولوں میں تعینات نرسوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی تربیت فراہم کر دی ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ ہنگامی صورت حال کے مقابلے کے لیے تیار رہیں۔

اسکولوں کے سربراہوں کی ایسوسی ایشن نے بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے ادارے سے کہا ہے کہ اسکولوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے بارے میں مفصل گائیڈلائنز مہیا کرے۔ تعلیمی اداروں کے ایگزیکٹوز کی ایسوسی ایشن نے تمام اسکولوں کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں اور خوف و ہراس سے بچیں۔

اسکولوں کی ایڈمنسٹریٹرز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈین ڈومنچ نے کہا ہے کہ کلاس روم وائرس کو پھیلنے کے لیے ایک شاندار موقع فراہم کرتا ہے، اس لیے ہمیں ایسے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہنگامی صورت حال میں ہمارے اسکول اور ہماری کمیونیٹز کرونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

عالمی ادارہ صحت نے جمعے کے روز کرونا وائرس کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چین سے باہر نکل کر پھیل کر رہا ہے۔ تاہم، اب بھی اس کے تسلسل کو توڑنا ممکن ہے۔

جمعے کی صبح تک کے اعداد و شمار کے مطابق، دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 83000 سے بڑھ چکی تھی جب کہ یہ مہلک وبا 3000 سے زیادہ انسانی جانیں نگل چکی تھی۔

XS
SM
MD
LG