رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کے مریض 4 لاکھ، ہلاکتیں 18 ہزار


شام میں بچے کرونا وائرس سے آگاہی کے لیے لگائے گئے بینر کو دیکھ رہے ہیں
شام میں بچے کرونا وائرس سے آگاہی کے لیے لگائے گئے بینر کو دیکھ رہے ہیں

عالمگیر وبا کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور دنیا بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد منگل کو چار لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ عالمی ادارہ صحت نے ایک دن پہلے ہی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وبا کے پھیلاؤ میں کمی کے بجائے تیزی آرہی ہے۔

اٹلی میں دو دن تک ہلاکتوں میں پہلے کی نسبت معمولی کمی کے بعد ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ایک دن میں مزید 743 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اسپین میں بھی 489 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے بطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 5249 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح مجموعی تعداد 70 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ملک میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6820 ہوگئی ہے۔

اسپین میں منگل کو 4540 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد لگ بھگ 40 ہزار ہوگئی ہے۔ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 2800 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکہ میں منگل کی سہہ پہر تک 5860 نئے کیسز کا علم ہوا تھا جس کے بعد مجموعی تعداد تقریباً 50 ہزار تھی۔ یہاں آج کم از کم 69 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد کل تعداد 622 ہوچکی ہے۔

ادھر چین میں کیسز میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اگرچہ تعداد یورپ اور امریکہ سے کم ہے لیکن چند دن کے رجحان کی نسبت زیادہ ہوئی ہے۔ وہاں 78 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایران میں منگل کو 1762 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور 122 افراد جان سے گئے۔ یہ بات بعد ماہرین کے لیے تعجب کا سبب ہے کہ ایران میں ایک خاص شرح سے کیسز اور ہلاکتیں ہورہی ہیں جن میں غیر معمولی اضافہ یا کمی نہیں ہورہی۔ وہاں مریضوں کی کل تعداد تقریباً 25 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 1934 ہے۔

منگل کو امریکہ سے زیادہ ہلاکتیں برطانیہ میں ہوئیں جہاں 87 افراد چل بسے۔ اس طرح ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 422 ہوگئی ہے جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG