رسائی کے لنکس

امریکہ میں ایک ہی دن کرونا کے 45242 کیس، کئی ریاستوں میں دوبارہ پابندیاں


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

امریکہ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور جمعے کو ملک میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 45 ہزار 242 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکہ میں کیسز کی مجموعی تعداد 24 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

امریکہ میں کیسز بڑھنے کے بعد کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ بھی موخر کر دیا ہے۔

ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ریاست میں بارز اور ریستوران جلد بند کرنے اور لوگوں کی تعداد نصف کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ فلوریڈا میں بھی بارز کی حدود میں شراب کی سروس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس پر شراب خانوں کے مالک ناراض ہیں۔

بارز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کے اچانک فیصلے سے اُنہیں بڑے مالی خسارے کا سامنا ہے۔ ایک بار مالک کا کہنا تھا کہ اُس نے ویک اینڈ کے لیے ہزاروں ڈالر کی خریداری کی تھی لیکن اب حکومت کے اس فیصلے سے اُنہیں مالی خسارے کا سامنا ہے۔

ریاست فلوریڈا میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 8942 کیس رپورٹ ہونے کے بعد نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

ریاست کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوزم کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس کی امپریل کاؤنٹی کے بعض علاقے وائرس کا گڑھ بن چکے ہیں لہذٰا یہاں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکی معیشت کی بہتری کے امکانات
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:56 0:00

بعدازاں امپریل کاؤنٹی میں صحت کے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ گھروں میں رہنے کے احکامات مارچ سے ہی نافذ العمل ہیں۔ البتہ جمعے کو مزید اقدامات کے لیے اجلاس ہو گا۔

کیلی فورنیا کے حکام نے ریاست کی مختلف کاؤنٹیز کو اسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کے بعد کاروبار کھولنے سے روک دیا ہے۔

ریاست الاسکا میں جمعے کو مزید 836 کیس رپورٹ ہونے کے بعد حکام نے شہریوں کو عوامی مقامات میں ماسک کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ریاست ٹیکساس نے کاروبار کھولنے میں پہل کی تھی اور مئی میں ریاست کے عوامی مقامات اور کاروباری مراکز کو کھول دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ریاست میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلا تھا اور جمعرات کو ایک ہی دن میں 5996 کیس رپورٹ ہوئے۔ ریاست میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسپتال لائے جانے والے مریضوں کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں اب تک کرونا وائرس کے باعث ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

'امریکہ بحران سے نکل آیا ہے'

ٹیکساس، فلوریڈا اور دیگر ریاستوں میں وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ امریکہ اب بحران سے نکل آیا ہے جس نے معیشت کو متاثر کیا اور لاکھوں امریکی بے روزگار ہوئے۔

صدر نے کہا کہ "ہم مزید اقدامات کر رہے ہیں جو بہت جلد مکمل ہو جائیں گے۔ واپسی کے سفر کے لیے ہمارے پاس حوصلہ افزا اعداد و شمار ہیں۔ پوری قوم کم بیک کرے گی اور یہ بہت تیزی سے ہو گا۔"

امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے کہا کہ ٹیکساس اور فلوریڈا میں 35 سال سے کم عمر افراد میں بھی وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے جن میں کوئی علامات نہیں ہیں۔

امریکہ کی ریاستوں الاباما، ایریزونا، کیلی فورنیا، جارجیا، میسی سیپی، نیواڈا، اوکلووہاما، جنوبی کیرولائنا، ٹینیسی اور میسوری میں بھی رواں ہفتے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔

XS
SM
MD
LG