رسائی کے لنکس

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک دن میں 15 ہزار کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ


فلوریڈاا کے گورنر ران ڈی سینٹس ہارڈ راک سٹیڈیم میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ سے متعلق ایک کانفرنس میں بات کر رہے ہی۔ 8 جولائی 2020
فلوریڈاا کے گورنر ران ڈی سینٹس ہارڈ راک سٹیڈیم میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ سے متعلق ایک کانفرنس میں بات کر رہے ہی۔ 8 جولائی 2020

امریکی ریاست فلوریڈا میں اتوار کے روز کرونا وائرس کے 15 ہزار پازیٹو کیسز سامنے آئے جو کسی ایک امریکی ریاست کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل بدھ کے روز کیلی فورنیا میں 11694 مریضوں کے ساتھ کسی ایک ریاست میں ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔

فلوریڈا میں اس وقت کوویڈ 19 کے 2 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ مریض ہیں جب کہ 4346 اموات ہو چکی ہیں۔

فلوریڈا نے حالیہ ہفتوں میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کی ہے جس میں ڈزنی ورلڈ کے تفریح پارک کھولنا بھی شامل ہے۔

اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ جب کہ اموات پانچ لاکھ 70 ہزارکے قریب پہنچ چکی ہیں۔جانز ہاپکنز کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر کے ایک چوتھائی متاثرین امریکہ میں ہیں جن کی تعداد 33 لاکھ 77 ہزار سے زیادہ ہے اور ایک لاکھ 37 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔

ہفتے کے روز صدر ٹرمپ پہلی بار ماسک پہنے نظر آئے، یہ وہ دن تھا جب امریکہ میں ساڑھے 66 ہزار پازیٹو کیسز کے ساتھ ایک دن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

ہفتے کے روز انہوں نے واشنگٹن کے مضافات میں واقع والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا تھا۔ نامہ نگاروں نے صدر ٹرمپ کو پہلی بار ماسک پہنے دیکھ کر پوچھا تو انہوں نے کہا کہ جب آپ اسپتال میں ہوں تو بہتر ہو گا کہ آپ ماسک پہن لیں۔

جنوبی کیرولائنا میں ہفتے کے روز 2200 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ ایک اور متاثرہ ریاست لوزیانا میں جمعے کو 2600 سے زیادہ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

میکسیکو میں ہفتے کو 6 ہزار جب کہ اتوار کے روز روس میں بھی 6 ہزار سے زیادہ مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

ایک اور خبر میں بتایا گیا ہے کہ اوکی ناوا میں قائم امریکی فوجی مرکز میں 60 امریکی فوجیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

جاپان نے ہفتے کے روز بتایا کہ ٹوکیو میں 206 نئے مریض تشخیص ہوئے ہیں۔ ٹوکیو میں 200 سے زیادہ نئے مریض سامنے آنے کا مسلسل چوتھا روز ہے۔

XS
SM
MD
LG