رسائی کے لنکس

اٹلی میں ایک دن میں 627 ہلاکتیں، 6 ہزار نئے مریض


اٹلی میں ایک پادری کرونا سے ہلاک ہونے والی ایک خاتون کی آخری رسوم ادا کر رہے ہیں۔۔ وائرس کے خطرے کے باعث بیٹے کے سوا کوئی شریک نہیں ہے۔
اٹلی میں ایک پادری کرونا سے ہلاک ہونے والی ایک خاتون کی آخری رسوم ادا کر رہے ہیں۔۔ وائرس کے خطرے کے باعث بیٹے کے سوا کوئی شریک نہیں ہے۔

اٹلی میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہے اور ہر نئے دن پہلے سے زیادہ تعداد میں لوگ ہلاک ہو رہے ہیں اور نئے کیس سامنے آ رہے ہیں۔ جمعہ کو حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 627 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 6 ہزار نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

گزشتہ اتوار کو اٹلی میں 368، پیر کو 349، منگل کو 345، بدھ کو 425 اور جمعرات کو 427 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس طرح چھ دن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

ایک دن پہلے اٹلی میں 5 ہزار اور پوری دنیا میں 26 ہزار نئے کیس سامنے آئے تھے۔ جمعہ تک اٹلی میں مریضوں کی کل تعداد 47 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے زیادہ تھی۔

یورپی یونین کے ایک اور رکن ملک سپین کا حال بھی بد سے بدتر ہو رہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 212 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور 2300 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ایران میں جمعہ کو 149 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 1200 سے زیادہ نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ فرانس میں مریضوں کی کل تعداد 11 ہزار ہو چکی ہے جب کہ 372 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

جرمنی میں ہر روز ہزاروں کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے لیکن وہاں ہلاکتوں کی شرح کم ہے۔ جمعہ کو ساڑھے تین ہزار نئے مریض سامنے آئے لیکن صرف 9 ہلاکتیں ہوئیں۔ ادھر چین میں جمعہ کو صرف 3 ہلاکتوں کی اطلاع ملی جب کہ 39 نئے کیسز کا پتا چلا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب بیشتر نئے کیسز بیرون ملک سے آںے والوں کے ہیں۔ اس سے پہلے دو دن تک چین میں ایک بھی نیا مقامی کیس سامنے نہیں آیا تھا۔

امریکہ میں جمعہ کو سہہ پہر تک 2700 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکہ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 224 ہو چکی ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق دنیا کے 183 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں 2 لاکھ 65 ہزار افراد کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ گزشتہ تین دن سے ہر روز 20 ہزار افراد وائرس میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور صرف جمعہ کو 1158 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اگرچہ وائرس کے 90 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن ایک لاکھ 64 ہزار اب بھی بیمار ہیں اور ان میں 7700 سے زیادہ کا حال تشویش ناک ہے۔

XS
SM
MD
LG