رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:15 1.5.2020

متفقہ حکمت عملی نہ ہونے سے وائرس پھیلا: سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ یہ ایک المیہ ہے کہ دنیا کے لیڈر کرونا وائرس کا سامنا کرنے کے لیے مربوط انداز میں متفقہ لائحہ عمل نہیں طے کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ملک نے انفرادی سطح پر خود اپنی پالیسی اپنائی اور ہر ملک کی پالیسی اور حکمت عملی مختلف رہی ہے جس کے باعث وائرس کو مزید پھیلنے کا موقع ملا۔

سیکٹری جنرل گوتریس نے کہا کہ یہ بات عیاں ہے کہ کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں دنیا میں قیادت کا فقدان ہے۔

انہوں نے دنیا کے اہم ملکوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کریں اور پھر عالمی برادری کو ساتھ لے کر چلیں۔

اقوام متحدہ کے تخمینوں کے مطابق کرونا وائرس کے باعث دنیا کی لگ بھگ آٹھ فی صد آبادی یعنی تقریباً 50 کروڑ لوگ اس سال کے آخر تک غربت کا شکار ہو جائیں گے۔ عالمی سطح پر کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تحقیقی مرکز نے جمعے کو بتایا کہ دینا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 32 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور 233,000 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مستند کیسز اور ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں جو دنیا کے کل کیسز اور ہلاکتوں کا ایک تہائی ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے 63000لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے جمعرات کو کہا کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی صورت حال اپنے انتہائی مقام سے گزر چکی ہے اور نئے کیسز کی تعداد بتدریج کم ہو رہی ہے۔

کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے کرونا وائرس کے بعد ملک کی معیشت اور طرز زندگی کے رجحان کے بارے میں ایک منصوبہ پیش کریں گے۔

برطانیہ میں کرونا وائرس سے 27000 جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور وہاں مستند کیسز کی تعداد 172,500 کے لگ بھگ ہے۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کیلئے ویکسین کی تیاری کا کام جاری ہے اور اگر اس میں کامیابی حاصل ہوئی تو یہ ویکسین اس سال موسم خزاں تک دستیاب ہو گی۔

بہت سے یورپی ممالک میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں بتدریج ہٹائی جا رہی ہیں اور وہاں کاروبار شروع کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ یورپ میں اس سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران معیشت 3.8 فیصد تک سکڑ چکی ہے۔

18:21 1.5.2020

افغانستان میں کرونا کے مزید 164 کیسز

افغانستان کی وزارتِ صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 صوبوں میں کرونا وائرس کے مزید 164 کیسز کی تصدیق کی ہے۔

جس کے بعد افغانستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2339ہو گئی ہے۔

وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر واحداللہ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19کے 50 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 310ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 68 ہو گئی ہے۔

01:40 2.5.2020

مشتبہ مریض کو قرنطینہ نہ کرنے کی خبر دینے پر صحافی گرفتار

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی پولیس نے ایک مقامی صحافی کو کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کو قرنطینہ نہ کرنے کے بارے میں خبر شائع کرنے پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

جنوبی ضلع راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے اردو اخبار اور ایک نجی ٹی وی چینل سے منسلک صحافی خورشید بیگ کو مقامی پولیس نے اس ڈاکٹر کی شکایت پر گرفتار کیا جس نے کرونا وائرس میں مبتلا ایک مریض کا اپنے پرائیویٹ کلینک میں طبی معائنہ کیا تھا۔

خورشید بیگ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ تراڑ دیوان نامی گاؤں کے ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ضلعی انتظامیہ نے گاؤں کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے 30 سے زائد افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔

مذکورہ مریض رپورٹ آنے سے قبل ایک نجی کلینک میں اپنا معائنہ کرا کر گیا تھا اور اس اسپتال کے تین ملازمین کو بھی آئسولیٹ کیا گیا۔ مگر ڈاکٹر کو آئسولیٹ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اسپتال کو سیل کیا گیا ہے۔

پولس نے صحافی خورشید بیگ کے خلاف مذکورہ ڈاکٹر کی درخواست پر مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا تھا۔

مزید پڑھیے

01:43 2.5.2020

پاکستان میں صلاحیت کے باوجود زیادہ ٹیسٹ کیوں نہیں ہو رہے؟

پاکستان میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے روزانہ ہزاروں ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ملک میں بتدریج ٹیسٹنگ کی استعدار کار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن حالیہ دنوں ملک بھر میں ٹیسٹوں کی شرح کم ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

نینشل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ 82 ہزار 131 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جن میں سے 16 ہزار 817 کیس مثبت آئے ہیں۔ یوں ٹیسٹ مثبت آںے کی شرح لگ بھگ آٹھ فی صد ہے۔

پاکستان کو ابتداً ٹیسٹنگ کٹس نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب محض بیرون ملک سے آنے والوں کی صرف تھرمل اسکینگ کی جا رہی تھی۔

تاہم بعد میں چین اور دیگر ممالک سے پاکستان نے بڑی تعداد میں ٹیسٹنگ کٹس درآمد کیں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اس وقت ملک بھر میں ٹیسٹنگ کٹس وافر مقدار میں موجود ہیں۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG