رسائی کے لنکس

برازیل ورلڈ کپ: کوسٹاریکا اور فرانس نے میچ جیت لیے


جمعے کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کوسٹا ریکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اٹلی کو 0-1 سے اپ سیٹ شکست دی جب کہ فرانس نے سوئٹزرلینڈ کو 2-5 سے ہرادیا۔

برازیل میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے نویں دن ہونے والے 'گروپ – ای' کے میچ میں فرانس نے سوئٹزرلینڈ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرادیا ہے۔

جمعے کو سلواڈور میں کھیلے جانے والے میچ میں فرانس کو پہلے ہاف کے اختتام پر 0-3 کی برتری حاصل تھی۔ میچ کے 18 ویں منٹ میں اولیور گروڈ نے فرانس کی جانب سے پہلا گول کیا جس کے ایک منٹ بعد ہی بلیس مٹوڈی نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو 0-2 کی برتری دلادی۔

پہلے ہاف کے اختتام سے پانچ منٹ قبل میتھیو ولبینا نے تیسرا گول کردیا۔ فرانس کی جانب سے چوتھا گول کریم بینزیما نے 67 ویں منٹ میں کیا جس کے چھ منٹ بعد موسیٰ سیسوکو نے پانچواں گول کرکے میچ میں فرانس کی فتح یقینی بنادی۔

میچ ختم ہونے سے نو منٹ قبل سوئس کھلاڑی بلیرم زیمائی نے اپنی ٹیم کی جانب سے پہلا گول کیا جس کے بعد 87 ویں منٹ میں گرینٹ شاکا نے ایک اور گول کرکے سوئٹزرلینڈ کی شکست کا مارجن کم کردیا۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد فرانس 'گروپ-ای' میں چھ پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست آگیا ہے۔ اس سے قبل اپنے پہلے گروپ میچ میں فرانسیسی ٹیم نے ہنڈراس کو 0-3 سے ہرایاتھا۔

کوسٹا ریکا بمقابلہ اٹلی

اس سے قبل جمعے کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کوسٹا ریکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اٹلی کو 0-1 سے اپ سیٹ شکست دے دی تھی۔

میچ کا واحد گول برائن روز نے پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل کیا۔ 'گروپ-ڈی' کےاس میچ میں فتح کے بعد کوسٹاریکا دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گیا ہے جب کہ انگلینڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

سنہ 1958 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے تک رسائی میں ناکام رہی ہے۔

'فیفا' کی ورلڈ رینکنگ میں 10 ویں نمبر پر موجود انگلینڈ، اٹلی اور یوراگوئے کے خلاف اپنے دونوں گروپ میچز 1-2 سے ہار چکا ہے۔

اٹلی کے خلاف فتح کےبعد کوسٹاریکا 'گروپ-ڈی' میں چھ پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ اٹلی اور یوراگوئے تین، تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
XS
SM
MD
LG