رسائی کے لنکس

کرونا وائرس نے امریکی صدارتی انتخاب پر اپنا سایہ ڈال دیا


صدر ڈونلڈ ٹرمپ۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ۔

امریکہ میں اب سے چند ہی مہینوں بعد صدارتی انتخاب ہونے والا ہے مگر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا نے اس پر اپنا سایہ ڈال دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ اس وبا سے جس طرح نمٹ رہے ہیں وہ اسے اپنے دوبارہ انتخاب کے لئے ایک وسیلے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے خیال میں امریکہ میں جب کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، نومبر کا امریکی صدارتی انتخاب گویا اس بات پر ریفرنڈم کی شکل اختیار کر رہا ہے کہ صدر ٹرمپ کرونا وائرس کی عالمی وبا سے کس طرح نبردآزما ہو رہے ہیں۔

اس قومی بحران کے موقع پر صدر نے سیاسی طور پر اس سے فائدہ اٹھانے سے گریز نہیں کیا اور ان کی انتخابی مہم ایک ایسا امیج پیدا کر رہی ہے جس سے الیکشن میں زیادہ ووٹ حاصل کئے جا سکیں۔

وائٹ ہاوس کے لئے وائس آف امریکہ کی نامہ نگار پیڈسی ویڈاکوسوارا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جب کہ کرونا وائرس پورے ملک میں تباہی پیدا کرتا جا رہا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ تاثر دینا چاہ رہے ہیں کہ انھوں نے اعلٰی قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات پر کنٹرول کیا ہوا ہے۔

اس مقصد کے لئے وہ تواتر سے وائٹ ہاوس سے پریس بریفنگ بھی کر رہے ہیں۔ تاہم، بعض مبصرین نے صدر کو اس بات کے لئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ اس عالمی وبا سے سیاسی فائدہ اٹھانے میں مصروف ہیں۔

یونیورسٹی آف ٹیکساس سے منسلک پروفیسر شینن اوبرائین کا کہنا ہے کہ ہمیں اس سے غرض نہیں کہ صدارتی بریفنگ کی ریٹنگ کیا ہے، بلکہ ہم اس میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں کرونا وائرس کتنی تعداد میں لوگوں کو نگلتا جا رہا ہے۔

یہ بات قابل غور ہے کہ اس وبا کی وجہ سے چونکہ عوامی اجتماعات نہیں ہو رہے پریس بریفنگ اس کا متبادل بن چکی ہے۔

یونیورسٹی آف ورجنیا میں سنٹر فار پالیٹکس کے لیری سباٹو کے خیال میں ٹرمپ پریس بریفنگ کو دوبارہ منتخب ہونے کے لئے استعمال کر رہے ہیں اور کسی حد تک یہ کوشش فی الوقت کارگر دیکھائی دیتی ہے۔

تجزیہ کار اس جانب توجہ دلاتے ہیں کہ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ جو امیدوار اپنے عہدے پر براجمان ہوتا ہے، بحران کے لمحات میں اسے فائدہ ہوتا ہے اور ٹرمپ کی انتخابی مہم اسی صورتحال کو اپنے حق میں استعمال کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹس اور ان کے حامی ٹیلی ویژن پر اشتہارات کے ذریعے ٹرمپ کو اس بات پر سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ انھوں نے کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے میں شدید کوتاہیاں کی ہیں۔ وہ اپنی انتخابی مہم میں اسی بات کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔

کرونا وائرس کی عالمی وبا کے پس منظر میں بہرحال جبکہ سیاسی کھینچا تانی جاری ہے، سیاسی مبصرین کے مطابق، حالات نے نومبر 2020 کے صدارتی انتخاب کو یقیناً ایک دلچسپ موڑ پر لاکھڑا کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG