رسائی کے لنکس

کراچی: کریکر دھماکہ، آٹھ افراد زخمی


کراچی میں ایک مذہبی اجتماع میں کریکر دھماکے سے آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے منعقدہ محفل میلاد میں کیا گیا۔

دھماکہ اس وقت ہوا جب محفل میلاد جاری تھی جس میں ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر اہم رہنما بھی وہاں موجود تھے۔ تاہم وہ خوش قسمتی سے دھماکے میں مکمل محفوظ رہے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک سات سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

ادھر واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے شواہد اکھٹے کئے۔ ایس ایس پی ضلع شرقی کراچی اظفر مہیسر کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں ایسا لگتا ہے کہ دھماکہ کریکر سے کیا گیا ہے۔ تاہم، حتمی رائے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد دی جاسکتی ہے۔

کراچی میں ایک ماہ کے دوران دہشت گردی کا یہ چوتھا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 16 نومبر کو قائد آباد میں دھماکے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک درجن کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ دوسری بڑی کارروائی 23 نومبر کو ہوئی تھی جس میں دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اس کارروائی میں بھی 3 حملہ آوروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایک ہفتہ قبل ہی کراچی کے علاقے ڈیفینس میں کار بم دھماکے ہوا۔ تاہم، خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ محفل میلاد پر دہشت گردی کی کارروائی ایک ماہ میں چوتھی کارروائی ہے۔

XS
SM
MD
LG