رسائی کے لنکس

کریڈٹ ریٹنگ کیا ہے؟


کریڈٹ ریٹنگ کیا ہے؟
کریڈٹ ریٹنگ کیا ہے؟

حال میں قرض لینے والے ممالک کی ادائیگی کی صلاحیت کا تعین کرنے والے ادارے اسٹنڈرڈ اینڈ پوور نےامریکہ کادرجہ ٹرپل اے سے کم کرکے ڈبل اے پلس کردیا ہے۔جس پر کئی اعلی ٰ امریکی حکومتی عہدے دار اپنی خفگی کا اظہار کرچکے ہیں۔

امریکہ کی کریڈٹ ریٹنگ گذشتہ کئی عشروں سے مسلسل ٹرپل اے پلس چلی آرہی تھی۔ اقتصادی ماہرین کا کہناہے کہ چونکہ دنیا بھر میں زیادہ ترتجارتی سرگرمیاں ڈالر کے ذریعے سرانجام پاتی ہیں اس لیے کریڈٹ ریٹنگ گرنے کے اثرات عالمی معیشت پر بھی ظاہر ہوسکتے ہیں ۔

امریکہ کی کریڈٹ ریٹنگ کم ہونے کے بعد دنیا بھر میں یہ دنیا بھر میں بحث کا ایک نیا موضوع بن گیا ہے۔

کریڈٹ ریٹنگ کسی ملک کی اقتصادی اور مالیاتی ساکھ کا تعین کرتی ہے کہ مذکورہ ملک مالی اور اقتصادی لحاظ سے کتنا مستحکم ہے اور قرض دینے والے اس پر کتنا بھروسہ کرسکتے ہیں۔

دنیا میں کئی کمپنیاں کریڈٹ ریٹنگ کے تعین کاکام کرتی ہیں۔ ان میں اسٹنڈرڈ اینڈ پوور کو ایک معتبر ادارہ سمجھا جاتا ہے۔

کریڈٹ کے کئی درجے ہیں جو ٹرپل اے سے شروع کر بتدریج کم ہوتے ہوتے ڈی تک پہنچ جاتے ہیں۔

ڈی کیٹگری میں وہ ممالک شامل ہیں جو دیوالیہ قرار دیے جاچکے ہوتے ہیں۔

اس وقت دنیا بھر کے 196 ممالک کی فہرست میں کریڈٹ کے پیمانے پر ٹرپل اے کا اعلیٰ ترین معیار رکھنے والے ممالک کی تعداد صرف 13 ہے۔ جن کے نام یہ ہیں۔آسٹریلیا، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، لگسمبرک، نیدرلینڈز، ناروے، سنگاپور، سویڈن ، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ ۔

اسٹنڈرڈ اینڈپوور یعنی ایس اینڈ پی کے پیمانے پر ڈبل اے پلس کی کیٹیگری میں شامل ممالک یہ ہیں۔ بلیجیئم، نیوزی لینڈ اور امریکہ۔

کریڈٹ ریٹنگ میں ٹرپل اے ، اعلیٰ ترین درجہ ہے جب کہ اس کے بعد کے درجوں میں ڈبل اے پلس، ڈبل اے اور ڈبل اے منفی شامل ہے۔انہیں بھی بہتر کریڈٹ ریٹنگ تصور کیا جاتا ہے۔تاہم انہیں قرضوں کے حصول میں ٹرپل اے کےمقابلے میں نسبتاً زیادہ سودادا کرناپڑتا ہے۔

اے ، اے منفی اور ٹرپل بی پلس کاشمار اعلیٰ درمیانے درجے میں کیا جاتا ہے۔ جب کہ ٹرپل بی اور ٹرپل بی منفی درمیانی سطح پر آتے ہیں۔

ڈبل بی پلس، ڈبل بی اور ڈبل بی منفی کریڈٹ ریٹنگ رکھنے والے ممالک کو سرمایہ کاری اور عالمی سطح پر قرضوں کے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے یا انہیں زیادہ شرح سود ادا کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔

بی پلس اور بی کی ریٹنگ کے ممالک کے لیے مالی وسائل کا حصول کافی دشوار ہوتا ہے ، جب کہ ڈی کیٹگری میں وہ ممالک شمار کیے جاتے ہیں جو دیوالیہ ہونے کے قریب ہوں، یا ہوچکے ہوں۔

XS
SM
MD
LG