رسائی کے لنکس

شاہدآفریدی پر 45 لاکھ روپے جرمانہ ، کرکٹ بورڈ سے معاملات طے


شاہدآفریدی پر 45 لاکھ روپے جرمانہ ، کرکٹ بورڈ سے معاملات طے
شاہدآفریدی پر 45 لاکھ روپے جرمانہ ، کرکٹ بورڈ سے معاملات طے

کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفرید ی جمعرات کوپاکستان کرکٹ بورڈ کی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جہاں اُن کے اور بورڈ کے درمیان موجود اختلافات طے پا گئے۔

شاہد آفریدی نے کمیٹی کو بتایا کہ اُنھوں نے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سمیت دیگر عہدیداروں کے خلاف جو بیان دیا اُس پر اُنھیں افسوس ہے او ر اس سلسلے میں اُنھوں نے عدالت میں جو درخواست دائر کی تھی وہ بھی واپس لے لی گئی ہے۔ تین رکنی کمیٹی نے کہا کہ شاہد آفریدی پر 45لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے اس معاملے کو نمٹا دیاگیا ہے۔

جرمانے کی ادائیگی پر کرکٹ بورڈ شاہد آفریدی کوانگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے درکار اجازت نامہ یا ’این او سی ‘جاری کر دے گا۔ آفرید ی نے کہا کہ کمیٹی نے اُن کی تمام باتوں کو اچھی طرح سنا ۔ ” انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا ابھی میر ا کوئی ارادہ نہیں ، آگے چل کر دیکھوں گا“۔

ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی وجہ بتائے بغیر شاہد آفریدی کو ایک روزہ میچوں کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹادیا تھا جس کے بعد آفریدی نے پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ اور اُن کی پالیسوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی مشروط ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ موجودہ بودڑ کے تحت مزید کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔

سابق کپتان کے ان تنقیدی بیانات کے بعد کرکٹ بورڈ نے ناصرف شاہد آفریدی کا(سینٹرل کنٹریکٹ) معطل کردیا تھابلکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اُنھیں اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ پی سی بی نے بیرون ملک کرکٹ کھیلنے کے لیے آفریدی کو جاری کیے گئے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے تھے ۔

کرکٹ بورڈ کے ان اقدامات کے بعد شاہد آفریدی نے سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی لیکن دو روز قبل اُنھوں نے اپنی درخواست واپس لے لی تھی۔

XS
SM
MD
LG