رسائی کے لنکس

منگل کو انگلینڈ، ہالینڈ آمنے سامنے ہوں گے، مبصرین نتیجہ پر تبصرے سے گریزاں


منگل کو انگلینڈ، ہالینڈ آمنے سامنے ہوں گے، مبصرین نتیجہ پر تبصرے سے گریزاں
منگل کو انگلینڈ، ہالینڈ آمنے سامنے ہوں گے، مبصرین نتیجہ پر تبصرے سے گریزاں

عالمی کرکٹ کی جنگ میں انگلش ٹیم منگل کو ہالینڈ کے خلاف ناگپور کے میدان میں اتر رہی ہے۔ حالیہ ورلڈ کپ میں اگر چہ اب تک کمزور ٹیموں جن میں بنگلہ دیش، کینیڈا، کینیا اور زمبابوے کے ساتھ بڑی ٹیموں بھارت، سری لنکا، نیوزی لینڈاور آسٹریلیا نے انتہائی عبرتناک سلوک برتا ہے تاہم انگلینڈ اور ہالینڈ کے مقابلے سے قبل نتیجے پر تبصرہ کرنے سے مبصرین گریزاں ہیں ۔

اب تک دو ایک روزہ میچوں میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں اور دونوں مرتبہ جیت انگلینڈ کا مقدر بنی لیکن یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسلسل دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ہالینڈمضبوط حریف انگلینڈ کو شکست کا کڑوا گھونٹ پلا چکی ہے جس میں دوہزار نو کا وہ یاد گار میچ بھی تھا جب ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن انگلینڈ کو6 جون دو ہزار نو کو ہالینڈ کے ہاتھوں لارڈز کے میدان میں چار وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ 1999 میں نیٹ ویسٹ ٹرافی میں بھی ہالینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست ہوئی تھی ۔

انگلش ٹیم ایک بار پھر عالمی کپ کے ابتدائی میچ میں ہالینڈ کے خلاف میدان میں اتر رہی ہے تو یہ بحث ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہے کہ کیا ہالینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دو ہزار نو کی تاریخ دھرا سکے گی؟ دوسری جانب انگلینڈ ٹیم میں شامل دو ہزار نو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان پال کالنگ ووڈ ہالینڈ کا حساب چکتا کرنے کیلئے انتہائی بے تاب نظر آتے ہیں ۔ سوشل نیٹ ورک پر دیئے گئے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اورنج ڈریس کا وہ جشن نہیں بھول پائے ہیں جو انہوں نے دو ہزار نو میں انگلینڈ کو شکست دے کر منایا تھا اور یہ تلخ یاد ان کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے لہذا وہ بے چین ہیں کہ کب وہ ہالینڈ کا حساب چکتا کریں ۔

لیکن اس تمام تر صورتحال میں انگلش کپتان انڈریو اسٹراس محتاط نظر آ رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ہالینڈ ایک بار پھر ان کی ٹیم پر بھاری پڑ سکتا ہے۔ وہ آگاہ ہیں کہ کس طرح سے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں انہیں چھ، ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ اگر دیکھا جائے تو انگلش ٹیم جب نومبر دو ہزار سات میں بھارتی دورے پر آئی تھی تو اسی سر زمین پر اسے سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی پانچ مقابلوں میں مسلسل شکست سے دوچارہونا پڑا۔ بعدازاں ممبئی حملوں کے باعث یہ سیریز ختم کر دی گئی تھی۔ لہذا انگلش ٹیم کیلئے بھارتی آب و ہوا بھی زیادہ ساز گار نہیں ہیں۔

کپتان اسٹراس کا کہنا ہے کہ ان کے پول میں جہاں اس ورلڈ کپ کی فیورٹس بھارت اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، وہیں مضبوط اور پراعتماد بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز بھی ایک بڑا خطرہ ہیں جبکہ نسبتاً کمزور سمجھی جانے والی ہالینڈ اور آئر لینڈ بھی میچ کا پانسہ پلٹ سکتی ہیں۔ اس تمام تر صورتحال میں ہالینڈ کا شکست دینا انتہائی اہم ہے اور اس کے لئے موثر حکمت عملی بھی موجود ہے۔ اور انگلش ٹیم کی پہلی ترجیح ناک آؤٹ راؤنڈ تک رسائی ہے ۔

یاد رہے کہ ہالینڈ کے کوچ پیٹر ٹرنن یہ کہہ کرپہلے ہی ہلچل مچا چکے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی دو ہزار نو کے ورلڈ کپ میں ہالینڈ ٹیم میں کھیلنے والے چھ کھلاڑی اب بھی ان کی ٹیم کا حصہ ہیں اور وہی تاریخ ایک بار پھر دھرانے کیلئے پوری ٹیم پر عزم ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے کھلاڑیوں پر یہ بھی واضح کیا کہ ٹی ٹوئنٹی اور پچاس اوورز کے میچ میں فرق سمجھنا ہو گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وارم اپ میچ میں کینیا کو شکست دے کر بھی اورنج شرٹس کے حوصلے بلند ہیں ۔

XS
SM
MD
LG