رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ایک تعارف


کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ایک تعارف
کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ایک تعارف

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ، ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا سب سے اہم اور مقبول مقابلہ ہے جس کا انعقاد ہر چار سال بعد ہوتا ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کو کھیلوں کی دنیا کا چوتھا سب سے بڑا اور زیادہ دیکھا جانے والا مقابلہ قرار دیا جاتا ہے۔

کرکٹ کے پہلے عالمی کپ کا انعقاد 1975 میں انگلینڈ میں ہوا تھا جس میں کل آٹھ ٹیمیں شریک تھیں۔ اب سے چند دن بعد شروع ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کرکٹ کی تاریخ کا دسواں ورلڈ کپ ہے جس میں ریکارڈ 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

عالمی کپ 2011، 19 فروری سے 2 اپریل تک، یعنی کل 43 دن جاری رہے گا اور اس دوران کل 49 میچز کھیلے جائینگے۔ اس بار کرکٹ کے اس عالمی مقابلے کی میزبانی بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

میزبانوں کی فہرست میں پہلے پاکستان بھی شامل تھا تاہم بعد ازاں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کو میزبانی کے حق سے محروم کرتے ہوئے اس کے حصے کے ایک سیمی فائنل سمیت 14 میچز باقی تین میزبان ممالک میں تقسیم کردیے تھے۔ پاکستان کے حصے کے آٹھ میچز اب بھارت، چار سری لنکا جبکہ دو بنگلہ دیش میں ہونگے۔

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 17 فروری کو دھاکہ میں ہوگی جبکہ پہلا میچ دو روز بعد 19 فروری کو میزبان ملک بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ڈھاکہ کے "شیرِ بنگال نیشنل اسٹیڈیم" میں کھیلا جائے گا۔ مقابلے کا فائنل 2 اپریل کو بھارتی شہر ممبئی کے "وان کھیدے اسٹیڈیم" میں ہوگا۔

عالمی مقابلے کے 49 میچز میں سے 29 میچ بھارت میں ہونگے۔ سری لنکا میں 12 جبکہ بنگلہ دیش میں 8 میچز کھیلے جائیں گے۔ ان تین ممالک کے مختلف شہروں میں واقع کل 13 اسٹیڈیمز ان میچز کی میزبانی کرینگے۔ بنگلہ دیش پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔

عالمی مقابلے میں شریک 14 ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ "اے" میں آسٹریلیا، پاکستان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، زمبابوے، کینیڈا اور کینیا شامل ہیں۔ جبکہ گروپ "بی" بنگلہ دیش، بھارت، انگلینڈ، آئرلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور نیدرلینڈز کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے عالمی مقابلے کے میچز میں ذمہ داریاں ادا کرنے کیلیے کل 18 ایمپائرز کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں سے پانچ کا تعلق آسٹریلیا اور تین کا انگلینڈ سے ہے۔ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے دو، دو جبکہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے ایک، ایک ایمپائر کا انتخاب کیا گیا ہے۔

مقابلے کے پہلے مرحلے میں کل 42 میچز کھیلے جائینگے۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی چھ دیگر ٹیموں کے مدِ مقابل ہوگی۔ ہر گروپ کی چار فاتح ٹیمیں مقابلے کے دوسرے مرحلے میں کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرینگی جس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل ہوگا۔

کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو آئی سی سی کی جانب سے ٹرافی کے علاوہ 30 لاکھ امریکی ڈالرز کا نقد انعام دیا جائے گا جبکہ رنر اپ ٹیم کو 15 لاکھ امریکی ڈالرز انعام میں دیے جائینگے۔

یہ بھی پڑھیے

XS
SM
MD
LG