رسائی کے لنکس

'کول اینڈ کام رضی بوائے': محمد رضوان کی کپتانی کے ہر طرف چرچے


رضوان کی قیادت میں سلطانز نے پیر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ رنز سے شکست دی تھی۔
رضوان کی قیادت میں سلطانز نے پیر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے ساتویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔ اب تک ایونٹ کی ناقابلِ شکست رہنے والی ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی انفرادی کارکردگی کے ساتھ ساتھ کرکٹ شائقین ان کی کپتانی کی تعریفیں بھی کر رہے ہیں۔

رضوان کی قیادت میں سلطانز نے پیر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ رنز سے شکست دی تھی۔ دو وکٹ کیپرز کپتانوں کے اعصاب شکن میچ میں محمد رضوان کو اس وقت بھی پرسکون دیکھا گیا جب میچ کسی بھی وقت کسی کے بھی حق میں جا سکتا تھا۔

اس میچ میں سلطانز نے سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا تھا۔ یہ ہدف اس وقت آسان نظر آنے لگا تھا جب ڈیتھ اوورز میں افتخار احمد کی دھواں دار بیٹںگ کے دوران جیت مخالف ٹیم سے دور ہوتی رہی۔

کوئٹہ کو جیت کے لیے چار اوور میں 48 رنز درکار تھے اور 17ویں اوور میں فاسٹ بالر عمران خان نے 24 رنز دیے۔ لیکن اس موقع پر رضوان مسکراتے ہوئے ان کے پاس آئے اور انہیں حوصلہ دیا۔

رضوان کے اس رویے کو ان کی ٹیم کے لیے متاثر کن قرار دیا جا رہا ہے۔

بعض ٹوئٹر صارفین ملتان سلطانز کی کامیابی کا سارا کریڈٹ رضوان کی قیادت کو دے رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر محمد آصف نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایک عظیم لیڈر آپ کو یہ نہیں بتاتا کہ آپ کو کیا کرنا ہے بلکہ وہ آپ کو کر کے دکھاتا ہے۔ انہوں نے ملتان سلطانز کی ٹیم کو کہا ہے کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کو رضوان جیسا کپتان ملا ہے۔

حماد علی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ جب شاہ نواز دھانی نے ایک آسان رن آؤٹ چھوڑا تو اس پر صہیب مقصود نے غصے کا اظہار کیا لیکن وکٹ کے پیچھے سے ایک آواز آئی، خیر ہے کوئی بات نہیں۔

ایک صارف نے کہا کہ جب سرفراز احمد نے خوش دل شاہ کو چوکا لگایا تو اس پر رضوان مسکرائے اور انہوں نے بالر کے اعتماد میں اضافہ کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر کمنٹیٹر نے کہا کہ رضوان کبھی ہمت نہیں ہارتے اور نہ ہی یہ ان کا طریقہ ہے۔

چوکا لگنے کی اگلی ہی گیند پر خوش دل شاہ نے سرفراز کو آؤٹ بھی کر دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو شکست دینے کے بعد ملتان سلطانز نے رضوان اور خوش دل شاہ کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ میچ انتہائی اعصاب شکن میچ تھا لیکن اس کا اختتام مسکراہٹ پر ہوا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے حال ہی میں رضوان کو سال 2021 کا بہترین ٹی ٹوئنٹی بلے باز قرار دیا تھا۔ محمد رضوان پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہونے کے ساتھ ساتھ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے نائب کپتان بھی ہیں۔ ڈّومیسٹک میچز میں وہ خیبرپختونخوا کی جانب سے قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG