رسائی کے لنکس

کرکٹ میچوں کا تسلسل پاک بھارت تعلقات کے لیے بہتر


عمر گل نے اس ورلڈ کپ میں 14 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں
عمر گل نے اس ورلڈ کپ میں 14 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل نے کہا ہے کہ بھارت اورپاکستان کے درمیان تسلسل سے کرکٹ میچوں کے انعقاد سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

پیر کو موہالی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے لوگ چاہتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف کرکٹ میچ کھیلیں۔

عُمر گل نے کہا کہ پاکستانی ہوں یا پھر بھارتی شائقین دونوں ہی پاک بھارت میچوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔” میرے خیال سے دونوں ملکوں کے لیے بھی اچھا ہے کیونکہ جتنا ہم ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے اُتنا ہمارے تعلقات بھی بہتر رہیں گے۔ مجھے اُمید ہے کہ یہ ایک اچھا میچ ہوگا اور دونوں ٹیمیں اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گی۔ “

اُنھوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے ٹیم کے کسی رکن کے ساتھ اختلافات نہیں ہیں اوروہ پریکٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اس لیے اگر وہ بھارت کے خلاف میچ کھیلے تو اُمید ہے وہ اچھی کارکردگی دیکھائیں گے۔

عمر گل نے توقع ظاہر کی کہ اگر پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں نے کوارٹرفائنل میچ کی طرح بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو پاکستانی ٹیم کو اس کا بہت فائدہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہا کہ پچھلے کئی ماہ سے پاکستان کی ٹیم بشمول میچ فکسنگ سکینڈل کے مختلف طرح کے مسائل اور دباؤسے دوچار رہی ہے لیکن ا ن حالات نے ٹیم کو متحد کردیا ہے اس لیے بھارت کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں پر کوئی دباؤ نہیں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG