رسائی کے لنکس

برمنگھم ٹیسٹ کا دوسرا دن : انگلینڈ کے 3 وکٹوں پر 456 رنز


ایجبسٹن، برمنگھم میں انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے بھارت کے 224 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 456 رنز بنا لیے ہیں۔ اس طرح میزبان ٹیم کو بھارت پر 232 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے اور ابھی اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔ آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی کیون پٹرسن تھے جو 63 کے انفرادی سکور پر پراون کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔

کھیل کے دوسرے روز بھی انگلش کھلاڑی حاوی رہے۔ انہوں نے بھارت کے باولرز کے خلاف کھل کر اسٹروکس کھیلے اور تیزرفتاری سے رنز سکور کیے۔ بغیر کسی نقصان کے 84 رنز سے پہلی اننگ کا آغازکرنے کے بعد اوپنرز اینڈریو سٹراس اور الیسٹر کک نے 186 رنز کی شاندار شراکت فراہم کی۔ اس موقع پرسٹراس 87 رنز بنا کر مشرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ الیسٹر کک اپنے کیریر کی 19ویں سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے وہ 182کے انفرادی سکور پر ناٹ آوٹ ہیں جبکہ مورگن نے 44 رنز بنا رکھے ہیں۔ کھیل کے آخری اوور نے راہول ڈریوڈ نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔ بھارت کی جانب سے پراوین کمارنے دو اور مشرا نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

انگلش بلے باز جس اعتماد اور تیزی کے ساتھ رنز بنا رہے ہیں اس سے بھارت کے لیے میچ بچانا مشکل ہو سکتا ہے اور کرکٹ پنڈتوں کے بقول بھارت کو اس ٹیسٹ میچ میں اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے نہ صرف وہ سیریزہارہار جائے گی بلکہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں بھارت کی ٹیم پہلی پوزیشن سے بھی محروم ہو جائے گی اور دو درجے تنزلی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ جائے گی۔ جبکہ فتح کی صورت میں انگلینڈ کی ٹیم تیسرے سے پہلے نمبر پر پہنچ جائے گی۔

اس سے قبل بدھ کو بھارت کی ٹیم اپنے پہلی اننگز میں 224 رنز بنا کر آوٹ ہو گئ۔ کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے جارحانہ مگر ذمہ دارانہ بلے بازی کی اور 77 کے انفرادی سکور پر براڈ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ دھونی کی اننگز میں تین چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ سچن ٹندولکر اس میچ میں بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف ایک رن بنا سکے۔ راہول ڈریوڈ نے 22 رنز سکور کیے۔اوپنرگھمبیر 38 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ اور لکشمن نے 30 رنز بنائے ۔ سریش رائنا چار رنز بنا سکے۔

انگلینڈ کی طرف سے کامیاب باولر بریسنین ہیں اور سٹورٹ براڈ نے چار چار اور اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ بھارت کی ٹیم اس پوری سیریز میں انگلینڈ کے خلاف تین سو یا اس سے زائد رنز نہیں بنا سکی۔ جس کے باعث ٹیم کو بھارت کے سابق کھلاڑیوں اور مبصرین کی تنقید کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG