رسائی کے لنکس

دورہ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان


دورہ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان
دورہ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

آئندہ ماہ ہونے والے دورہ زمبابوے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے جمعرات کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے جبکہ کئی کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

چیف سلیکٹر کے مطابق بالر عمر گل، وہاب ریاض، تنویر احمد اور اسپنر عبدالرحمن کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپر عدنان اکمل، بالر سہیل تنویر اور اوپنر عمران فرحت کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

ٹیم میں بلے باز رمیز راجہ جونیئر، لیگ اسپنر یاسر شاہ اور اعزاز چیمہ سمیت تین نئے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محسن خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم کو ہلکا نہیں لیا جاسکتا لہذا سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن ٹیم میدان میں اتارنے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سینئر کھلاڑی کو ڈراپ نہیں کیا گیا بلکہ آئندہ سیریز کے پیشِ نظر آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے بقول ان کھلاڑیوں کے ناموں پر رواں برس کے آخر میں ہونے والی سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے غور کیا جائے گا۔

مصباح الحق دورہ زمبابوے کے دوران ٹیم کے کپتان ہونگے جبکہ سابق کپتان شعیب ملک کو متبادل کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے تاہم ان کی ٹیم میں شمولیت پی سی بی کی جانب سے کلیئرنس سے مشروط ہوگی۔

28 اگست سے شروع ہونے والے دورے کے دوران پاکستانی ٹیم میزبان زمبابوے کے خلاف ایک ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی20 میچ کھیلے گی۔

11 ریگولر اور 5 ریزرو کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، توفیق عمر، عمران فرحت، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، عمر اکمل، رمیز راجہ، عدنان اکمل، سعید اجمل، یاسر شاہ، سہیل تنویر، سہیل خان، جنید خان اور اعزاز چیمہ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG