رسائی کے لنکس

ٹنڈولکر کو بیٹنگ اسٹائل میں خامی کی نشاندہی کرنے والا 19 برس بعد مل گیا


سچن کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹل ملازم کا مشورہ سن کر کمرے میں واپس آئے اپنا کلائی گارڈ اٹھایا، اسے دوبارہ ڈیزائن کرایا اور پھر اسی مشورے پر کھیلنا شروع کیا۔ (فائل فوٹو)
سچن کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹل ملازم کا مشورہ سن کر کمرے میں واپس آئے اپنا کلائی گارڈ اٹھایا، اسے دوبارہ ڈیزائن کرایا اور پھر اسی مشورے پر کھیلنا شروع کیا۔ (فائل فوٹو)

بھارت کے کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو بالآخر وہ شخص مل ہی گیا جس کے ایک مشورے نے ان کی زندگی بدل دی اور وہ کرکٹ میں اعلیٰ مقام حاصل کرسکے۔

سچن اپنی کلائی کا استعمال کرتے ہوئے بیٹنگ کیا کرتے تھے اور کلائی کا یہی استعمال ان کی مہارت سمجھا جاتا ہے۔ لیکن بیٹنگ کرتے ہوئے کلائی کا استعمال کس طرح کرنا ہے اس کا مشورہ انہیں 19 سال پہلے ایک ہوٹل ملازم گورو پرشاد نے چنئی میں ان سے ملاقات کے دوران دیا تھا۔

ٹنڈولکر جو اُس وقت اپنے کیریئر کے وسط میں تھے، ان کے لیے یہ مشورہ قیمتی ثابت ہوا۔

ٹنڈولکر بیٹںگ کے دوران جس آرم گارڈ کا استعمال کیا کرتے تھے وہ شارٹ کھیلتے ہوئے ان کی کلائی میں بڑی رکاوٹ تھا جس کا نہ تو کبھی انہیں احساس ہوا اور نہ کوچز نے اس طرف دھیان دیا۔

ہوٹل ملازم کے مشورے کے بعد ٹنڈولکر نے اپنے آرم گارڈ کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا اور مضبوطی سے اس پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھتے چلے گئے۔

سچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے کسی سے بھی اس بارے میں کوئی بات نہیں کی تھی، صرف وہی یہ بات جانتے تھے۔

سچن کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹل ملازم کا مشورہ سن کر کمرے میں واپس آئے اپنا کلائی گارڈ اٹھایا، اسے دوبارہ ڈیزائن کرایا اور پھر اسی مشورے پر کھیلنا شروع کیا۔

اس دوران سچن اور مشورہ دینے والے شخص گورو پرشاد کا کوئی رابطہ نہیں رہا جب کہ سچن اس کی تلاش میں تھے۔

ہوٹل کی کوششوں اور ایک ویب سائٹ پر شائع پرشاد کے انٹرویو کی مدد سے ان کی یہ تلاش بالاخر ختم ہوئی اور گورو پرشاد سچن سے رابطہ کرنے میں کامیاب رہے۔

دونوں نے ایک ہوٹل میں ہی ملاقات کی۔ پرشاد ہوٹل کے سیکیورٹی اسٹاف کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔

گورو پرشاد کے بقول، انہوں نے سچن سے 19 سال پرانی ملاقات میں کہا تھا کہ کیا میں آپ کو ایک مشورہ دے سکتا ہوں؟ سچن کے مثبت جواب پر انہوں نے مشورہ دیا جس پر عمل کرتے ہوئے سچن کرکٹ کی دنیا کے لیجنڈ بنے۔

پرشاد کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں تھا کہ سچن ان کی بات مان لیں گے لیکن واقعی انہوں نے فراغ دلی سے نہ صرف میری بات سنی بلکہ اس پر عمل بھی کرتے رہے۔

یہ ملاقات 2001 کے اوائل میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ہوئی تھی، جب ٹندولکر نے چنئی میں پہلی اننگز میں 126 رنز بنائے تھے۔

چھیالیس سالہ ٹنڈولکر 2013 میں ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 34 ہزار سے زیادہ رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہوئے جس میں ریکارڈ 100 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG