انگلینڈ نے پیر کے روز پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو-صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
میچ کے چوتھے روز انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 118 رنز کا ہدف ملا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 36.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔
پاکستان نے پیر کی صبح 291 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر بیٹنگ کا آغاز کیا مگر کھلاڑی مجموعی ا سکور میں صرف پانچ رنز کا اضافہ کر سکے۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 72 رنز پر آوٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ نے 251رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز نوجوان وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے بنائے جن کا اسکور 88 رنز رہا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے۔ انگلینڈ کے آف سپن باؤلر سوان پلیئرآف دی میچ قرار پائے۔
انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 354 رنز سے شکست دی تھی۔