رسائی کے لنکس

ٹی 20 کرکٹ کی پہلی عالمی رینکنگ، پاکستان ساتویں نمبر پر


ٹی 20 کرکٹ کی پہلی عالمی رینکنگ، پاکستان ساتویں نمبر پر
ٹی 20 کرکٹ کی پہلی عالمی رینکنگ، پاکستان ساتویں نمبر پر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 کرکٹ فارمیٹ کی پہلی عالمی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستان ٹاپ ٹیموں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔

پیر کو جاری کی گئی ٹیموں کی رینکنگ میں عالمی چیمپئن انگلینڈ 127 پوائنٹ کے ساتھ پہلے جبکہ سری لنکا صرف ایک پوائنٹ کی کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ فہرست میں نیوزی لینڈ کا 117 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

اگر بھارت اور متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز کے دوران ہونے والے ٹی20 میچز میں بھارت نے انگلینڈ کو اور سری لنکا نے پاکستان کو شکست دیدی تو سری لنکا رینکنگ میں پہلے نمبر پر چلا جائے گا۔

ٹیم رینکنگ میں جنوبی افریقہ 113 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، بھارت 112 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور آسٹریلیا 111 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ پاکستان کے حصے میں 97 پوائنٹس آئے ہیں اور وہ فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ جاری کردہ رینکنگ یکم اگست 2009ء کے بعد کھیلے گئے میچز کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے اور چوں کہ اس تاریخ کے بعد کھیلے گئے نصف سے زیادہ ٹی20 میچز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لہذا اسکی رینکنگ میں بھی کمی آئی ہے۔

فہرست میں ویسٹ انڈیز آٹھویں، افغانستان نویں اور زمبابوے 10ویں نمبر پر ہے۔ رینکنگ کے لیے صرف انہی ٹیموں کا انتخاب کیا گیا تھا جنہوں نے اگست 2009ء کے بعد سے اب تک آٹھ یا اس سے زائد ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔ مقررہ تعداد سے کم میچز کھیلے کے باعث بنگلہ دیش اس فہرست میں اپنی جگہ نہیں بنا پایا ہے۔

ٹی20 کرکٹ کے 'ٹاپ' کھلاڑی

ٹی20 کے پانچ بہترین آل رائونڈرز میں پاکستان کے دو کھلاڑی شامل ہیں جن میں سابق کپتان شاہد آفریدی دوسرے اور محمد حفیظ چوتھے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے شین واٹسن کو بہترین آل رائونڈر قرار دیا گیا ہے جبکہ آسٹریلیا ہی کے ڈیوڈ ہسی فہرست میں تیسرے اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل پانچویں نمبر پر ہیں۔

پانچ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں کوئی پاکستانی کھلاڑی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ انگلینڈ کے ایان مارگن ٹی20 کے بہترین بلے باز قرار پائے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے برینڈن مک کیلم دوسرے، انگلینڈ ہی کے کیون پیٹرسن تیسرے، سری لنکا کے مہیلا جیا وردھنے چوتھے اور بھارت کے سریش رائنا پانچویں نمبر پر ہیں۔

سری لنکا کے اجنتھا مینڈس کو ٹی20 کرکٹ فارمیٹ کا بہترین بالر قرار دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے سعید اجمل پانچ بہترین بالرز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ فہرست میں انگلینڈ کے گریم سوان، نیوزی لینڈ کے ناتھن مک کیلم اور جنوبی افریقہ کے جوہان بوتھا بالترتیب دوسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG