رسائی کے لنکس

سری لنکا سے جیت پاکستان ٹیم میں اعتماد کا باعث بنی: ذاکر حسین سید


سری لنکا سے جیت پاکستان ٹیم میں اعتماد کا باعث بنی: ذاکر حسین سید
سری لنکا سے جیت پاکستان ٹیم میں اعتماد کا باعث بنی: ذاکر حسین سید

پاکستان سپورٹس بورڈ کے سابق ڈائریکٹر جنرل اور معروف تجزیہ نگار ذاکر حسین سید نے کہا ہے کہ سری لنکا کے ساتھ مقابلہ پاکستان کے لیے آزمائش کا معاملہ تھا، جس میچ کوپاکستان نے ’بڑے مشکل سے جیتا‘۔

’اِس جیت کے ساتھ پاکستان ٹیم کے اعتماد میں اضافہ تو ضرور ہوگا لیکن اِس میں بہت سی چیزیں ایکسپوز بھی ہوئیں: فیلڈنگ ناقص تھی، کیچز ڈراپ کیے گئے، سٹمپنگ مِس کی گئیں اور کئی رنز دیے گئے جو نہیں دینے چاہیئے تھے، جو ایک روزہ میچز میں نہیں جاتے۔‘

اُنھوں نے یہ باتیں اتوار کے دِن ’ وائس آف امریکہ‘ سےخصوصی گفتگو میں کہیں۔ ذاکر حسین سید نے کہا کہ سب سے پہلی چیز جو پاکستان کو دیکھنی ہوگی وہ یہ ہے کہ مصباح اور یونس ’کھیلے تو بہت اچھا ہیں ‘لیکن اُس مرحلے پر اُنھیں سکور کو بڑھانا چاہیئے تھا ’جو اُنھوں نے نہیں کیا‘۔

اُن کے الفاظ میں: ’یہ وہ مرحلہ تھا جب سکور کرکے دباؤ مخالف پر ڈالا جا سکتا تھا۔ جب پاکستان کے پاس وکٹیں تھیں اور پاکستان کے پاس تقریباً دس اوور باقی تھے، وہ (مصباح اور یونس) اُسی انداز سے کھیلتے رہے جیسے وہ ٹیم کی اننگز کو مستحکم کرنے کے لیے کھیل رہے ہوں۔ کم از کم 15سے20رنز زیادہ سکور ہوسکتے تھے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ سری لنکا، ورلڈ کپ میں فیورٹ ٹیموں میں سے ہے اور سب کا خیال یہ ہے کہ جو ورلڈ کپ ٹائٹل کے لیے ٹاپ کی ٹیمیں ہیں سری لنکا، انڈیا کے ساتھ سرِ فہرست ہے: ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر، ٹیم کی مضبوطی کی بنیاد پر اور ٹیم کے بیلنس کے بنیاد پر۔

ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہا کہ ہفتے کو عبد الرحمٰن نے اپنی فیلڈ کے مطابق گیند نہیں کیا جب کہ آفریدی نے بہت اچھی گیندکی، لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ جب سپنرز اٹیک کریں تو اُن کے لیے جو فیلڈ پلیسنگ اور اُن کی لائین اور لینگتھ ہو وہ فیلڈ پلیسنگ کے مطابق ہو تو پھر وہ ٹیم کے لیے اثاثہ ثابت ہوسکتا ہے۔ بصورتِ دیگر، ٹیم کے لیے مشکلات ہی پیدا ہوسکتی ہیں۔

ذاکر حسین سید نے کہا کہ پاکستان کو ارٹر فائنل کے لیے تو کوالی فائی کرلے گا لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ اُس مرحلے پر پاکستان کا مقابلہ کون سی ٹیم سے پڑتا ہے اور اگر دوسرے راؤنڈ میں مشکل ٹیمیں ہیں جن سے مقابلہ پڑتا ہے تو پھر دشواریاں پیش آئیں گی۔ لیکن، پاکستان ٹیم کی خود اعتمادی میں ضرور اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG