رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کا ایک منظر۔ 9 نومبر 2018
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کا ایک منظر۔ 9 نومبر 2018

دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پہلے بولرز اور پھر بیٹسمینوں کی عمدہ کارکردگی کے باعث پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک۔ایک سے برابر کر دی۔

یہ پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچز میں مسلسل 12 شکستوں کے بعد پہلی جیت ہے۔

کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لئے 210 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ابوظہبی کے شیخ زاہد اسٹیڈیم میں کیوی کپتان کین ولیم سن نے ایک بار پھر ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دی لیکن اوپنر اچھا آغاز نہ دے سکے اور دوسرے ہی اوور میں صرف 14رنز پر کولن مونرو 13رنز کی اننگز کھیل کرپویلین لوٹ گئے۔

اسکور میں صرف 11 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ کپتان ولیم سن کو شاہین آفریدی نے رن آؤٹ کردیا، وہ صرف ایک رن بناسکے۔

جارچ ورکر اور راس ٹیلر نے مشکل صورت حال میں ٹیم کو سہارا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 71 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر جارج ورکر 28 رنز کی نسبتاً سست رفتار اننگز کھیل کر حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ ٹوم لیتھم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔

راس ٹیلر کے ساتھ ہنری نکولز نے رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی اور پاکستانی بولرز کو اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہوئے رنز کے سلسلے کو آگے بڑھایا۔ دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 75 رنز بنا کر مجموعی اسکور 148 رنز تک پہنچایا۔ نکولز 33 رنز بنا کر راس ٹیلر کا ساتھ چھوڑ گئے۔ گرینڈ ہوم زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 3 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔

ٹم ساؤتھی اور ایش سودھی 13،13 رنز بنا سکے جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے صرف ایک رن بنایا۔ راس ٹیلر نے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یوں کیوی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔

شاہین آفریدی نے 4، حسن علی نے 2، جبکہ محمد حفیظ اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخرزمان نے نسبتاً سست لیکن پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ 12 اوورز کے بعد جب پاکستان کا اسکور 54 پر پہنچا تو امام الحق، کیوی بولر فرگوسن کی تیز رفتار بال پر پل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سر پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے اور انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔ اس وقت وہ 16 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

نئے بیٹسمین بابر اعظم نے فخرزمان کے ساتھ مل کر تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا اور 29 اوور میں مجموعی اسکور 155 رنز تک پہنچا کر ٹیم کو جیت سے قریب تر کر دیا۔ فخرزمان 88 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ فخرزمان کے آؤٹ ہوتے ہی بابر اعظم بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے۔

شعیب ملک 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سرفراز 13 رنز بنا سکے۔ اس طرح پاکستان نے 50 اورز کی آخری 57 گیندوں سے پہلے 212 رنز بنا کر نہ صرف میچ جیت لیا بلکہ سیریز بھی ایک۔ایک سے برابر کر دی۔ محمد حفیظ 27 اور شاداب خان 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے فرگوسن نے تین اور سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG