رسائی کے لنکس

چوتھا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر سیریز جیت لی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی فتح میں محمد حفیظ کی سینچری نے بنیادی کردار ادا کیا جو سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں ان کی تیسری سینچری ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے جیت لی ہے۔

بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 226 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے بیالیسویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان کی فتح میں محمد حفیظ کی سینچری نے بنیادی کردار ادا کیا جو سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں ان کی تیسری سینچری ہے۔ حفیظ نے 113 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

صہیب مقصود نے 46 اور احمد شہزاد نے 44 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم 5ء48 اوورز میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی اننگز کی ابتدا کچھ اچھی نہیں تھی اور 15 کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گری۔ ایک موقع پر محض 36 رنز پر سری لنکا کے تین تجربہ کار بلے باز پولین لوٹ چکے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے پریانجان 74 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جب کہ سنگاکارا نے 51 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے چار اور عمر گل نے تین جب کہ جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک روزہ میچوں سیریز کا پانچواں اور آخری میچ جمعے کو ابو ظہبی ہی میں کھیلا جائے گا جس کےبعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔
XS
SM
MD
LG