رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: سری لنکا نے آسٹریلیا کو 78 رنز سے ہرادیا


تیسرا ون ڈے: سری لنکا نے آسٹریلیا کو 78 رنز سے ہرادیا
تیسرا ون ڈے: سری لنکا نے آسٹریلیا کو 78 رنز سے ہرادیا

سری لنکا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں مہمان آسٹریلیا کو 78 رنز سے شکست دیدی ہے۔

منگل کو سری لنکا کے شہر ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 286رنزبنائے۔

میزبان ٹیم کے ابتدائی بلے باز اْپل تھرنگا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 111رنز بنائے۔ ان کے ساتھی بلے باز کپتان تلکا رتنے دلشان نے 55رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی طرف سے بولینجر نے چار،جانسن اور واٹسن نے دو،دو اور بریٹ لی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن سری لنکن بالرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹہر سکی اور پوری ٹیم 43 میں اوورمیں 208 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل ہسی نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے جبکہ کپتان مائیکل کلارک 46 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

سری لنکا کی جانب سے لسیتھ ملنگا نے 28 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شمیندا ارنگا نے 2 جبکہ نوان کولاسیکارا اور اجنتھا مینڈس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے دونوں میچوں میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔ جبکہ اس سے قبل کھیلے گئے دو ٹی ٹوئنٹی میچ سری لنکا نے جیتے تھے۔

سیریز کا چوتھا میچ 20 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلیں گی جس کا آغاز 31 اگست سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG