رسائی کے لنکس

انگلش ٹیم کی فتح سے گروپ بی کی صورتحال مزید مبہم


انگلش ٹیم کی فتح سے گروپ بی کی صورتحال مزید مبہم
انگلش ٹیم کی فتح سے گروپ بی کی صورتحال مزید مبہم

انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر جہاں اپنے لئے اگلے مرحلے تک رسائی کی امید برقرار رکھی ہے وہیں بنگلہ دیش ، بھارت اور ویسٹ انڈیز کی بے چینی میں بھی اضافہ کر دیاہے اور گروپ بی کی پوزیشن ابھی بھی ابہام کا شکار ہے ۔

ویسٹ انڈیز کو اہم معرکے میں چت کر کے انگلینڈ نے مجموعی طور پر 7 پوائنٹ حاصل کر لیے اور اتنے ہی پوائنٹ بھارت کے بھی ہیں ۔ اگر آخری معرکے میں بھارت ویسٹ انڈیز سے ہار جاتا ہے اور بنگلہ دیش جنوبی افریقہ کو شکست فاش کرتا ہے تو انگلینڈ اور بھارت میں جس کا رن ریٹ بہتر ہو گا وہی سپر ایٹ میں پہنچے گا ۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیش کو ہر صورت آخری میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دینی ہو گی بصورت دیگر وہ عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہو سکتا ہے تاہم اگر ویسٹ انڈیز بھارت سے شکست کھاتا ہے تو اس صورت میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے پاس ، چھ چھ پوائنٹ ہوں گے اور بہتر رن ریٹ پر فیصلہ کیا جائے گا ۔

اس میچ کے بعد گروپ بی کی تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ جنوبی افریقہ 8 پوائنٹ کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے جبکہ بھارت سات پوائنٹ کے ساتھ دوسرے اور انگلینڈ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز 6 پوائنٹ کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر پہنچ گیا اور بنگلہ دیش کے بھی چھ ہی پوائنٹس ہیں مگر وہ ویسٹ انڈیز سے بہتر رن ریٹ نہ ہونے کے باعث پانچویں نمبر پر ہے ۔

دوسری جانب گروپ اے میں آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ،پاکستان اور سری لنکا سپر ایٹ میں پہنچ چکے ہیں تاہم ان کی پوزیشن اپنے آخری میچ کھیلنے کے بعد واضح ہو گی ۔

XS
SM
MD
LG