رسائی کے لنکس

بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف چار وکٹوں سے فتح


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت پول بی میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ ویسٹ انڈیز پانچ میچ کھیل کر چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں میں بھارت نے پول بی کے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

جمعہ کو پرتھ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 44.2 اوورز میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بھارتی باؤلروں کے سامنے کرس گیل اور سیموئلز سمیت کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور ویسٹ انڈین بلے باز یکے بعد دیگر پویلین لوٹتے رہے۔

صرف ہولڈ ہی وہ واحد بلے باز تھے جو تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین، یاددو اور جدیجہ نے دو، دو جب کہ ایشون اور موہت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

183 رنز کے بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں بھارت کے ابتدائی بلے باز روہت شرما صرف سات اور شیکر دھوون نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر صرف 107 رنز پر بھارت کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں اور ویسٹ انڈیز کی میچ پر گرفت مضبوط ہوتی دکھائی دی۔

لیکن بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے 45 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے اور اس میچ میں کسی بھی بھارتی بلے باز کا یہ سب سے زیادہ اسکور تھا۔

بھارت نے 39.1 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹیلر اور رسل نے دو، دو جب کہ اسمتھ اور روچ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد شامی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت پول بی میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ ویسٹ انڈیز پانچ میچ کھیل کر چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG