رسائی کے لنکس

رونالڈو کے 750 گول مکمل، اگلا ہدف 800 گول مقرر کر لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے 750 گول اسکور کر لیے ہیں۔ رونالڈو نے یہ سنگِ میل بدھ کو اٹلی کے شہر ٹورن میں کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کے ایک میچ میں یوونٹس کی جانب سے کھیلتے ہوئے عبور کیا۔

اس میچ میں یوونٹس نے حریف ٹیم ڈینامو کیوو کو تین کے مقابلے میں صفر سے شکست دی۔

کرسٹیانو رونالڈو کا یہ گول اس لحاظ سے بھی یادگار قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ پہلی بار چیمپئنز لیگ کے اس میچ میں سٹیفنی فریپرٹ نامی خاتون ریفری نے اپنا ڈیبیو کیا۔

اپنے شان دار کریئر میں رونالڈو نے ریال میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے 450 گول اسکور کیے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے اُن کے گولوں کی تعداد 118 جب کہ پرتگال کی جانب سے کھیلتے ہوئے اُنہوں نے 102 گول اسکور کیے۔

اپنے موجودہ کلب یوونٹس کے لیے رونالڈ اب تک 75 گول اسکور کر چکے ہیں۔

750 کے سنگِ میل تک پہنچنے کے بعد رونالڈو نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا کہ "750 گولز، 750 خوبصورت لمحات، مداحوں کے چہروں پر 750 خوبصورت مسکراہٹیں۔"

اُنہوں نے کہا کہ اس منزل تک پہنچنے میں تعاون کے لیے وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور دیگر اسٹاف کے بے حد شکرگزار ہیں۔

رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنے پر خلوص حریفوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے مجھے سخت محنت کرتے رہنے پر مجبور کیا اب اگلا ہدف 800 ہو گا۔

چیمپئنز لیگ میں رونالڈ کا کلب یوونٹس پہلے ہی گروپ جی سے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جب کہ ڈینامو کیوو کلب ایونٹ سے باہر ہو چکا ہے۔

رونالڈ نے کھیل کے 57 ویں منٹ میں گول اسکور کیا۔ وہ رواں سیزن میں آٹھ میچز میں 10 گول اسکور کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG