رسائی کے لنکس

امریکہ: ڈیلس میں طیارہ گر کر تباہ، دس افراد ہلاک


امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق طیارے نے ڈیلس کے نواحی ایئرپورٹ سے اڑان بھری، تاہم توازن برقرار نہ رکھ سکا اور رن وے پر ہی گر کر تباہ ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دو انجنوں والا طیارہ ڈیلس سے امریکی ریاست فلوریڈا جا رہا تھا، لیکن وہ مقامی ایڈیسن ایئرپورٹ پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تاحال شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

عینی شاہدین کہتے ہیں کہ جیسے ہی طیارے نے اڑان بھری وہ ایئرپورٹ پر موجود ہینگرز کے قریب گر گیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ پہلے شکاگو کی چارٹر کمپنی کی ملکیت تھا، تاہم اس کے موجودہ مالک کا تعین نہیں ہو سکا۔

مقامی شہر ایڈیسن کے ترجمان ایڈورڈ مارٹیل کا کہنا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی تھی یا کوئی اور وجہ، اس کا تعین کیا جا رہا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل صورت حال سامنے آئے گی۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اڑان بھرتے وقت طیارے کی آواز معمول سے ہٹ کر تھی۔

ڈیوڈ سنیل نے، جو خود بھی اپنے دوست کے ہمراہ ایڈیسن سے پرواز کرنے والے تھے، بتایا کہ 'اڑان سے قبل طیارے کی قوت کچھ کم لگ رہی تھی، جیسے ہی اس نے ٹیک آف کیا وہ بائیں جانب جھک گیا اور گر کر تباہ ہو گیا۔'

ایئرٹریفک کنٹرول کے مطابق پرواز سے قبل طیارے کے پائلٹ نے کوئی ایسا سگنل نہیں دیا جس سے یہ پتا چلتا ہو کہ طیارے میں خرابی ہے۔

XS
SM
MD
LG