رسائی کے لنکس

امریکہ نے بھی بوئنگ 737 میکس طیارے کی پروازیں معطل کر دیں


وائٹ ہاؤس کے روزویلٹ روم میں اخباری نمائندوں کے سوال پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ''میں کوئی خطرہ نہیں مول لینا چاہتا تھا۔'' اُنھوں نے کہا کہ 737 کے نئی ساخت کے جہاز عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ ''ہمیں محسوس ہوا کہ ایسا کرنا مناسب تھا''۔

یورپ، چین اور دیگر ممالک کی جانب سے بوئنگ کمپنی کے 737میکس جیٹ طیاروں کی پرواز معطل کرنے کے بعد، بدھ کو امریکہ نے بھی ادارے کے طیاروں کو گرؤنڈ کرنے کا اعلان کیا۔ ایتھیوپین ایئرلائنز کے جہاز کے حادثے کے بعد جہاز کے تحفظ کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے، جس میں 157 افراد ہلاک ہوئے۔ پانچ ماہ سے کم عرصے کے دوران اس ساخت کے طیارے کا یہ دوسرا حادثہ تھا۔

کئی سالوں کے بعد دنیا کے اس سب سے بڑے طیارہ ساز ادارے کو انتہائی شدید بحران کا سامنا ہے۔ 737 پروگرام عشروں پرانا ہے، اور یہ طیارہ کمپنی کے لیے کیش کے حصول اور منافع کا قابل اعتماد ذریعہ خیال کیا جاتا تھا، جب کہ اس کی ساکھ کو سخت دھچکا پہنچا ہے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے نئے سیٹلائٹ ڈیٹا اور اتوار کے روز ادیس ابابا کے نزدیک ہونے والے طیارے کے حادثے کا ثبوت دیکھا ہے جس کے بعد طیاروں کی پرواز معطل کرنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

چھ برس میں دوسری بار ایف اے اے نے بوئنگ کے طیارے کی پروازیں روکی ہیں۔

اس سے قبل سال 2013 میں 787 ڈریم لائنر کو اس لیے گراؤنڈ کیا گیا تھا، چونکہ اس کے دھویں کی بیٹریز میں مسائل کا پتا چلا تھا۔

بوئنگ کا ادارہ سیاٹل میں قائم ہے۔ ادارے کےایک وکیل، ٹم گریسکی نے کہا ہے کہ طیاروں کو گراؤنڈ کرنے سے بوئنگ کو وقت میسر آ گیا ہے کہ وہ مسائل پر قابو پائے اور مزید کسی ممکنہ بحران سے باہر نکل آئے۔

ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز، امریکن ایرلائنز اور یونائٹڈ ایئر لائنز 737 میکس چلاتی ہیں۔ اُنھوں نے کہا ہے کہ وہ فی الحال مسافروں کا متبادل بندوبست کریں گی۔

ادھر وائٹ ہاؤس کے روزویلٹ روم میں اخباری نمائندوں کے سوال پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ''میں کوئی خطرہ نہیں مول لینا چاہتا تھا۔''

اُنھوں نے کہا کہ 737 کے نئی ساخت کے جہاز عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ ''ہمیں محسوس ہوا کہ ایسا کرنا مناسب تھا''۔

XS
SM
MD
LG