رسائی کے لنکس

امریکہ کے چڑیا گھر میں 'پراسرار' واقعات، تحقیقات میں تعاون پر 10 ہزار ڈالر انعام


فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

’’کیا چڑیا گھر میں پُر اسرار قوتیں اپنا کام کررہی ہیں؟‘‘ آج کل یہ سوال امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کے چڑیا گھر سے متعلق گردش میں ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ڈیلس کے چڑیا گھر میں بعض ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن پر اسرار کا پردہ پڑا ہوا ہے۔حال ہی میں چڑیا گھر کے ایک گدھ کی موت معما بن گئی ہے اور پولیس اس کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

ڈیلس میں یہ جنوبی امریکہ کا سب سے بڑا چڑیاگھر ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چڑیا گھر کے صدر گریگ ہیڈسن نے پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت ہر شے مشکوک ہوچکی ہے، چاہے وہ اندر ہو یا باہر۔ ہم ہر ایک آپشن کو دیکھ رہے ہیں۔

گدھ کی موت

اس قصے کا آغاز اس وقت ہوا جب گزشت ہفتے پن نامی 35 سالہ گدھ اپنے پنجرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ بظاہر ’پن‘ کی موت کسی فطری سبب سے نہیں ہوئی ہے۔

ڈیلس زو میں ہلاک ہونے والا 35 سالہ گدھ پن۔ فائل فوٹو۔
ڈیلس زو میں ہلاک ہونے والا 35 سالہ گدھ پن۔ فائل فوٹو۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے منگل کو اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پن کو کھونے سے ہماری زو فیملی صدمے کا شکار ہے لیکن ہم اس نسل کے گِدھوں کو بچانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے پن کی موت کی تحقیقات میں مدد دینے والی معلومات فراہم کرنے پر 10 ہزار ڈالر کا انعام رکھا ہے۔

مرنے والا گدھ چوں کہ معدومی کی شکار ایک نسل سے تعلق رکھتا تھا اس لیے اس واقعے کو قابلِ تشویش قرار دیا جارہا ہے اور وفاقی اہل کار بھی اس کی تحقیقات میں شامل ہوسکتے ہیں۔

تیندوے کا فرار

اس سے قبل 13 جنوری کو اسی چڑیا گھر میں نوا نامی تیندوا اپنے پنجرے سے غائب ہوگیا تھا۔ اس کے پنچرے کی باڑ کا کچھ حصہ کٹا ہوا تھا جس سے نکل کر نوا پنجرے سے فرار ہوا۔

بعدازاں نوا چڑیا گھر کے احاطے کے اندر ہی سے مل گیا تھا لیکن اس کے بعد ایک لنگور کے پنجرے سے فرار کا بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا۔

جانوروں کے پنجرے سے فرار کے واقعات کے اسباب تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ اس معاملے کی تحقیقات کرنے والے پولیس اہل کاروں اور چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے تیندوے اور لنگور کے پنجرے سے فرار کی تحقیقات کے دوران نگرانی کے لیے نصب کیمروں کی فوٹیج کا بھی معائنہ کیا ہے لیکن ان واقعات کے اسباب معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

اس سے قبل بھی ڈیلس کے چڑیا گھر میں جانوروں کے اپنے مخصوص احاطے یا پنجرے سے فرار کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ اس میں خاص طورپر 2004 کا واقعہ قابلِ ذکر ہے جب 154 کلو وزنی گوریلا ’جبری‘ اپنے احاطے کی دیوار پھلانگ کر باہر نکل آیا تھا۔

یہ گوریلا 40 منٹ تک چڑیا گھر میں کھلا گھومتا رہا تھا اور اس نے تین افراد کو زخمی کردیا تھا۔ پولیس کو اسے قابو کرنے کے لیے گولی چلانا پڑی جس کے باعث اس گوریلے کی موت ہوگئی تھی۔

اس خبر کے لیے خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ اور ’اے ایف پی‘ سے معلومات لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG