رسائی کے لنکس

اکیسویں صدی کے 14 تباہ کن زلزلے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ترکیہ اور شام میں پیر کو سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے کے بعد اب تک چار ہزار سے زائد اموات کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ ملکوں میں اب بھی ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔

زلزلے سے صرف ترکیہ میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد عمارتیں تباہ ہوئی ہیں جہاں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی رضا کار مصروف ہیں۔

دنیا بھر میں سال 2000 کے بعد سے اب تک 14 بڑے تباہ کن زلزلے آ چکے ہیں جن میں ساڑھے آٹھ لاکھ سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

سال 2000 کے بعد آنے والے زلزلوں کی تفصیل

22 جون 2022: افغانستان میں چھ اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے سے 1100 سے زیادہ اموات ہوئیں۔

14 اگست 2021: کیربین ملک ہیٹی میں سات اعشاریہ دو شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 2200 سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔

28 ستمبر 2018: انڈونیشا میں سات اعشاریہ پانچ شدت کے زلزلے سے 4300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔

25 اپریل 2015: نیپال میں سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے سے 8800 سے زیادہ اموات ہوئی تھیں۔

انڈونیشیا میں تباہ کن زلزلے کا ایک منظر
انڈونیشیا میں تباہ کن زلزلے کا ایک منظر

11مارچ 2011: جاپان کے جنوب مشرق میں نو اعشاریہ صفر شدت کے زلزلے کے بعد سونامی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار کے قریب ریکارڈ کی گئیں۔

12 جنوری 2010: ہیٹی میں سات اعشاریہ صفر شدت کے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس زلزلے سے ملک بھر میں تین لاکھ 16 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

12 مئی 2008: چین کے مشرق میں سات اعشاریہ نو شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 87 ہزار 500 اموات واقع ہوئیں۔

26 مئی 2006: انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں چھ اعشاریہ تین شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 5700 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔

8 اکتوبر 2005: پاکستان میں سات اعشاریہ چھ شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 80 ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں۔ ان ہلاکتوں میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والی ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں 8 اکتوبر 2005 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کا ایک منظر۔
پاکستان میں 8 اکتوبر 2005 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کا ایک منظر۔

28 مارچ 2005: انڈونیشیا کے شمالی جزیرے سماترا میں آٹھ اعشاریہ چھ شدت کے زلزلے کے باعث لگ بھگ 1300 افراد ہلاک ہوئے۔

26 اکتوبر 2004: انڈونیشیا کے قریب بحریہ ہند میں نو اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کے نتیجے میں درجنوں ملکوں میں دو لاکھ 30 ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں۔

26 دسمبر 2003: ایران کے جنوب مشرقی علاقوں میں چھ اعشاریہ چھ شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 50 ہزار اموات رپورٹ ہوئیں۔

21 مئی 2003: الجزائر میں چھ اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 2200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔

26 جنوری 2001: بھارت کی ریاست گجرات میں سات اعشاریہ سات شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 20 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG