رسائی کے لنکس

دہلی کے مشہور فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل


فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ سٹیدیم، دہلی۔ فائل فوٹو
فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ سٹیدیم، دہلی۔ فائل فوٹو

بھارت کے مقامی کرکٹ ایسوسی ایشن نے دہلی کے مشہور فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (DDCA) نے منگل کو اعلان کیا کہ دہلی میں عرصے سے موجود بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کا نام فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم سے تبدیل کر کے اسے ایسوسی ایشن کے سابق صدر ارون جیٹلی سے موسوم کیا جا رہا ہے۔ ارون جیٹلی ہفتے کے روز انتقال کر گئے تھے۔

نام کی اس تبدیلی کا رسمی اعلان 12 ستمبر کو ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا جائے گا۔ اس سٹیڈیم کے ایک حصے کو وراٹ کوہلی سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر رجت شرما کا کہنا ہے کہ وراٹ کوہلی، وریندر سہواگ، گوتم گھمبیر، اشیش نہرہ اور رشب پانٹ جیسے مشہور کرکٹر ارون جیٹلی کی کوششوں سے ہی قومی ٹیم کا حصہ بنے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ارون جیٹلی کے دور میں اس سٹیڈیم کی جدید انداز میں تزئین کی گئی تھی اور اس میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھائی گئی تھی۔

فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ اسٹیڈیم 1883 میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ کلکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم کے بعد بھارت کا دوسرا سب سے پُرانا اسٹیڈیم ہے۔

XS
SM
MD
LG