رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان ’بلڈر‘ بن گئے، 8 ارب درہم کی سرمایہ کاری


اب شاہ رخ نے اپنے لئے جس میدان کا انتخاب کیا ہے۔۔ وہ بالکل مختلف ہے۔ جی جناب۔۔اب کنگ خان جس فیلڈ میں جھنڈے گاڑنے کے لئے پرتول رہے ہیں وہ ہے ’ریئل اسٹیٹ‘ ہے

بالی وڈ میگا اسٹار، شاہ رخ خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ جس چیز میں دلچسپی لیں اسے عروج تک پہنچا کر ہی دم لیتے ہیں ۔اور یہ بات کچھ غلط بھی نہیں۔ انڈین پریمئیر لیگ میں شاہ رخ خان کی ٹیم نیچے سے اوپر کی طرف سفر کرکے چمپئین بنے جس کا کریڈیٹ شاہ رخ خان کی انرجی اور کبھی ہار نہ ماننے کی پالیسی کو دیا گیا۔

۔۔۔لیکن اب شاہ رخ نے اپنے لئے جس میدان کا انتخاب کیا ہے۔۔ وہ بالکل مختلف ہے۔جی جناب۔۔اب کنگ خان جس فیلڈ میں جھنڈے گاڑنے کے لئے پرتول رہے ہیں وہ ہے ریئل اسٹیٹ۔

شاہ رخ خان دبئی میں 2ا عشاریہ چار بلین درہم کی لاگت سے ’دِی رائل اسٹیٹ‘ نامی کاروبار کا آغاز کرنے والے ہیں۔

بات صرف اس پروجیکٹ تک ہی محدود نہیں۔ شاہ رخ نے اخبار’خلیج ٹائمز‘ سے بات چیت میں اس خواہش کا بھی اظہارکیا کہ وہ 8ارب درہم مالیت کے منصوبے ’ایس آرکے بلیورڈ‘ کو دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں اور وہ بھی بہت جلد۔۔۔ایس آر کے بلیورڈ کو 2007میں لانچ ہونا تھا۔ لیکن، دبئی میں معاشی بحران خصوصاً ریئل اسٹیٹ کی مارکیٹ ڈاوٴن ہونے کی وجہ سے پروجیکٹ روک دیا گیا تھا۔

شاہ رخ نے اعتراف کیا کہ انہیں ریئل اسٹیٹ کے بارے میں کچھ زیادہ معلومات نہیں۔ لیکن، وہ ’ایس آر کے بلیورڈ‘ کو جلد از جلدحقیقت کا روپ دھارتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

شاہ رخ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ریئل اسٹیٹ کو باقاعدہ کاروبار کے طورپر تو نہیں اپنا سکتے۔ لیکن، اگر مستقبل میں بھی ’ایس آر کے بلیورڈ‘ جیسا کوئی ایکسائیٹنگ منصوبہ سامنے آیا تو وہ ضرور کریں گے۔

راس الخیمہ کے ’دانا‘ آئی لینڈ میں 6.3ملین اسکوائر میل کے رقبے پر پلان کردہ ایس آر کے بلیورڈ ہوٹلز، شاپنگ سینٹر اور کمرشل کمپلیکس پر مشتمل ہوگا۔

ریئل انڈسٹری سے جڑے ذرائع کا کہنا ہے’ایس آر کے بلیورڈ‘ کا ری لانچ نئے بلڈر کے ساتھ کیا جائے گا۔ اس کا ڈیزائن لاس اینجلس کی آرکیٹیکچر فرم ’ٹونی ایش آئی ڈیزائن کارپوریشن‘ کے آرکیٹیکٹ ٹونی ایشائی نے تیار کیا ہے، جبکہ دی رائل اسٹیٹ کو بھی وہی ڈیزائن کریں گے۔

شاہ رخ خان پہلے ہی پام جمیرا میں ایک شاندار ولا کے مالک ہیں۔

XS
SM
MD
LG