رسائی کے لنکس

شاہ رُخ خان دنیا کے امیر ترین اداکار: رپورٹ


’جب بھی مجھے اپنے بارے میں غرور ہوتا ہے، میں امریکہ کا رُخ کرتا ہوں۔ یہاں کے اِمی گریشن اہل کار میری اداکاری کا بھوت نکال دیتے ہیں‘

’وہ کونسا اداکار ہے جو ٹام کروز اور ٹام ہینکس سے زیادہ امیر ہے؟‘ امریکہ کے’اے بی سی نیوز‘ ٹیلی ویژن کے مارننگ شو میں شرکاٴ نے بتایا کہ، ’یہ اداکار ٹام سلیک بھی نہیں، بلکہ شاہ رُخ خان ہیں‘۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ، ’اگر آپ نے اُن کے بارے میں نہیں سنا، تو یہ کوئی حیران کُن بات نہیں ہوگی۔ ہاں، اگر آپ امریکہ سے باہر ہیں، تو معاملہ دیگر ہو سکتا ہے‘۔

جمعرات کے دِن نشر ہونے والے پروگرام، ’گڈ مارننگ امریکہ‘ میں بتایا گیا کہ 48 برس کے شاہ رُخ خان بھارتی فلمی صنعت کے بڑے ستاروں میں سے ایک ہیں، جو بالی ووڈ کے نام سے مشہور ہے۔


رپورٹ کےمطابق، شاہ رُخ خان کو ’ٹام کروز آف انڈیا‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے، جِن کا معاوضہ ’مشن امپوسبل‘ کے اداکار کے مساوی ہے۔ درحقیقت، کبھی کبھار اِس بھی زیادہ۔ شاہ رخ خان فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 12 کروڑ ڈالر لیتے ہیں، جو ’ویلتھ ایکس‘ نام کے تحقیقی ادارے کے مطابق، ٹام کروز کے معاوضے سے کہیں زیادہ ہے۔

شاہ رُخ خان نے بھارتی ٹیلی ویژن میں کردار سے اپنی ایکٹنگ کا آغاز کیا، اور 1992ء میں ’دیوانہ‘ اُن کی پہلی ہٹ فلم تھی۔

اُنھیں اب تک کئی ایک ایوارڈ مل چکے ہیں، اور گذشتہ ماہ ٹیمپا میں ہونے والے پندرہویں سالانہ بین الاقوامی بھارتی فلم اکیڈمی کے ایوارڈز کے دوران، فلم ’چنائی ایکسپریس‘ میں اُن کی اداکاری پر اُنھیں ’بیسٹ ایکٹر‘ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

دو برس قبل، خان کو ایک نجی طیارے میں نیو یارک کے وائٹ پلینس کے ہوائی اڈے پر آمد کے موقعے پر امریکی حکام نے نامعلوم وجوہ کی بنا پر حراست میں لیا تھا۔ ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق، اداکار نے کہا تھا کہ اُنھیں مسلمان نام کے باعث روکا گیا۔ سنہ2009میں بھی اُنھیں ’نیوآرک ایئرپورٹ‘ پر دو گھنٹے تک حراست میں لیا گیا تھا، تاوقتیکہ بھارتی سفارت خانہ حرکت میں نہیں آیا۔

سنہ 2012میں ہونے والے ایک واقعے نے بھارت کے عوام کو سخت برہم کیا، جس پر کسٹم کے حکام نےبعد میں معذرت کر لی تھی۔ اس واقعے میں یہی اداکار ملوث تھا جو ’ییل یونیورسٹی‘ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہا تھا۔ تاہم، بعدازاں طالب علموں کے سامنے تقریر میں، اُنھوں نے اِس بات کو مذاق میں ٹال دیا۔

اُنھوں نے تقریب کے شرکا کو مزاح کے انداز میں بتایا: ’جب بھی مجھے اپنے بارے میں غرور ہوتا ہے، میں امریکہ کا رُخ کرتا ہوں۔ یہاں کے اِمی گریشن اہل کار میری اداکاری کا بھوت نکال دیتے ہیں‘۔

’ویلتھ ایکس‘ ادارے کے مطابق، ہالی وڈ اور بالی وڈ کے امیر ترین اداکار ہیں:

1۔ جیری سائن فیلڈ، 82 کروڑ ڈالر
2۔ شاہ رُخ خان، 60 کروڑ ڈالر
3۔ ٹام کروز، 48 کروڑ ڈالر
4۔ٹیلر پیری، 45 کروڑ ڈالر
5۔ جانی ڈیپ، 45 کروڑ ڈالر
6۔ جیک نکل سن، 40 کروڑ ڈالر
7۔ ٹام ہینکس، 39 کروڑ ڈالر
8۔ بِل کوسبی، 38 کروڑ ڈالر
9۔ کلنٹ ایسٹ وڈ، 37 کروڑ ڈالر
10۔ ایڈم سینڈلر، 34 کروڑ ڈالر
XS
SM
MD
LG