رسائی کے لنکس

پاکستانی ماں کا کردار ادا کرنے پر دیا مرزا تنقید کی زد میں


جب سے ویب سیریز عوام میں مقبول ہوئی ہیں سیف علی خان جیسے بالی وڈ کے بڑے اسٹارز ویب ٹی وی کی نگری کا رخ کر رہے ہیں اور اب دیا مرزا بھی ان ستاروں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔

دیا مرزا اپنے ویب ٹی وی شو 'کافر' کی وجہ سے ان دنوں سوشل میڈیا پر موضوع بحث ہیں کیونکہ 'کافر' میں دیا مرزا نے ایک پاکستانی نوجوان ماں کا کردار ادا کیا ہے جو نامعلوم حالات میں بھارت جاتی ہے اور وہاں جاکر پھنس جاتی ہے یہاں تک کہ واپسی کا بھی کوئی آسرا نہیں رہتا۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور 'کافر' سے متعلق اٹھتے سوالوں کا جواب دیا مرزا نے میڈیا پر دیتے ہوئے کہا کہ 'کافر' میں کام کرنے کی وجہ معاشرے میں پائے جانے والے تعصب کو روکنا ہے۔ جو لوگ مجھ سے ایک پاکستانی کا کردار ادا کرنے سے متعلق پوچھ رہے ہیں کیا وہ خود شو میں کسی پاکستانی کا رول ادا کرنے پر خوفزدہ نہیں تھے۔ ہم اپنے شو 'کافر' کے ذریعے اسی ڈر، اسی خوف کو لوگوں کے ذہنوں سے نکالنا چاہتےہیں۔

دیا مرزا کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے اس شو کا حصہ ہونے میں اس لئے خوشی ہے کہ اس میں انسانیت کی بات کی گئی ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ دیکھنے والے بھی اسے پسند کریں گے۔ پوری دنیا میں یہ مسئلہ ہے کہ لوگ دوسروں کو مذہب، رنگ، نسل اور قومیت کی عینک کے پیچھے سے دیکھتے ہیں اور یہ بڑی بدقسمتی ہے۔

دیا مرزا کے بقول سچی کہانی پر مبنی 'کافر' میں کام کرنا ایسا موقع تھا جو زندگی میں شاید ایک بار ہی ملتا ہے۔

نکھل ایڈوانی کی ڈائریکشن میں بنے اور بھوانی آئر کے اسکرپٹ پر بنے ویب شو 'کافر' کی کہانی دہشت گردی کے الزام کا شکار ایک خاتون اور صحافی سے وکیل بننے والے ایک شخص کے گرد گھومتی ہے جو اسے انصاف دلانا چاہتا ہے۔

XS
SM
MD
LG