رسائی کے لنکس

’سٹیم سیلز‘ سے بینائی بچانا ممکن ہے


تحقیق دانوں کی ایک ٹیم ایسے خلیات پر تجربات کر رہی ہے جو ذیابیطس کے باعث پیش آنے والی پیچیدگیوں سے، جس میں بینائی کا متاثر ہونا بھی شامل ہے، بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکیں

دنیا بھر میں ذیابیطس کے لاکھوں مریضوں کو ایک اور خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے اور وہ ہے بینائی کا متاثر ہونا۔ تحقیق دانوں کی ایک ٹیم ایسے خلیات پر تجربات کر رہی ہے جو ذیابیطس کے باعث پیش آنے والی پیچیدگیوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوسکیں۔

ذیابیطس کا مرض ان لوگوں کو لاحق ہوتا ہے جن کے خون میں شکر کی سطح غیر متوازن رہتی ہے۔ اگر ذیابیطس کی بیماری آپ کے جسم میں زیادہ جڑ پکڑ لے تو یہ دل کی بیماریوں کا موجب بھی بن سکتا ہے، گردوں اور جسم میں خون کی ترسیل کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

اور یہی نہیں ذیابیطس کا مرض آپ کی آنکھیں بھی متاثر کر سکتا ہے۔ ایسا کہنا ہے آئرلینڈ کی کوئن یونیورسٹی کے ڈاکٹر ایلن سٹیٹ کا۔ ڈاکٹر ایلن سٹیٹ کے مطابق انسانی خون میں ذیابیطس کی بلند شرح آنکھوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس کیفیت کے لیے میڈیکل میں diabetic retinopathy کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

اس مرض میں انسانی آنکھ کے پردے کو خون پہنچانے والی خون کی چھوٹی چھوٹی نالیوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ ڈاکٹر ایلن کہتے ہیں، ’’ ذیابیطس کی وجہ سے اگر خون کی چھوٹی نالیوں کو نقصان پہنچتا ہے تو پھر وہ آنکھ کے پردے تک آکسیجن نہیں پہنچا سکتیں۔ یوں آہستہ آہستہ آنکھ کے پردے کو نقصان پہنچتا رہتا ہے۔‘‘

اور اگر اس طرف توجہ نہ دی جائے تو اس مرض کی وجہ سے آنکھوں کی بینائی جزوی یا مکمل طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر ایلن سٹیٹ، کوئن یونیورسٹی میں ’سنٹر فار ویژن اینڈ واسکولر سائنس‘ کے سربراہ ہیں اور ذیابیطس سے بینائی متاثر ہونے والے مرض کے متعلق یورپی تحقیق دانوں کی ٹیم کی سربراہی بھی کر رہے ہیں۔

اس تحقیق میں امریکہ، شمالی آئرلینڈ، جرمنی، ہالینڈ، ڈنمارک اور پرتگال کے ماہرین حصہ لے رہے ہیں۔ اس ٹیم کی کوشش ہے کہ ذیابیطس کے مرض کی وجہ سے آنکھ کے پردے کو ہونے والے نقصان کو کم یا بالکل ختم کرنا ممکن بنایا جاسکے۔

اس مقصد کے لیے سائنسدان ریڑھ کی ہڈی سے حاصل کردہ گودے کے خلیات استعمال کر رہے ہیں جنہیں stem cells کہا جاتا ہے۔ ’سٹیم سیلز‘ وہ خلیات ہیں جنہیں انسانی جسم کے کسی بھی دوسرے خلیات کو ٹھیک کرنے کی غرض سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر ایلن سٹیٹ کی لیبارٹری میں ’سٹیم سیلز‘ کو چوہوں کی آنکھوں میں لگایا گیا۔ ان چوہوں میں پہلے ذیابیطس کا مرض پیدا کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر ایلن کا کہنا ہے کہ تحقیق کے ابھی تک کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ جس سے اس تاثر کو تقویت ملی ہے کہ آنکھوں کے پردے کو خون پہنچانے والی چھوٹی چھوٹی نالیوں کو ٹھیک کرنا ممکن ہے۔

ڈاکٹر ایلن کے مطابق، ’’ہمارے تجربات کے مطابق یہ ’سٹیم سیلز‘ خون کی ان چھوٹی چھوٹی نالیوں میں جہاں رکاوٹ ہو اسے دور کرکے ٹھیک کر سکتے ہیں۔ جس سے بینائی کو پہنچنے والا نقصان کم ہو سکتا ہے۔‘‘

اس وقت ڈاکٹرز ذیابیطس کی وجہ سے بینائی کے متاثر ہونے کا علاج ’لیزر سرجری‘ کو قرار دیتے ہیں۔ لیزر سرجری کی مدد سے بینائی کو ٹھیک کرنا ممکن ہے۔ لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ اس طرح کے مہنگے علاج اکثر زیادہ تکلیف دہ اور زیادہ تر ناکام رہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG