رسائی کے لنکس

نشے میں چوری کی، سامان لوٹانے گیا تو پکڑا گیا


پولیس نے امریکی ریاست نیو میکسیکو کے ایک شخص کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا ہے، مگر اس کا کہنا ہے کہ اسے بالکل یاد نہیں کہ اس نے دو ٹیلی وژن کیوں اور کس طرح چرائے تھے کیونکہ وہ اس وقت شراب کے نشے میں بری طرح دھت تھا اور اسے کچھ پتا نہیں تھا کہ وہ کیا کر رہا تھا۔

گیلپ انڈی پینڈنٹ رپوٹس میں شائع ہونے والی خبر میں بتایا گیا ہے کہ نیو میکسیکو کے شہر گیلپ کی پولیس نے ساگے آرون کومنز کو دو ٹیلی وژن چرانے کے الزام میں حراست میں لیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کومنز کی گرفتاری اس وقت ہوئی جب وہ چرائے گئے ٹیلی وژن اپنے مالک کو واپس کرنے اس کے گھر پہنچا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے چوری کی اطلاع ملنے کے بعد تفتیش کے لیے ایک افسر کو متاثرہ شخص کے گھر بھیجا۔ وہ جائے وقوع کا جائزہ لے ہی رہا تھا کہ کومنز چرائے گئے ٹیلی وژن لے کر وہاں پہنچ گیا۔ اس نے پولیس افسر کو بتایا کہ اس نے چوری کی تھی اور وہ مسروقہ سامان واپس کرنے آیا ہے کیونکہ اسے کچھ ہوش نہیں کہ چوری کیوں اور کیسے ہوئی۔

کومنز نے پولیس کو بتایا کہ وقوع کی رات وہ ایک بار میں دیر تک پیتا رہا۔ جب وہ باہر نکلا تو بری طرح دھت تھا۔ اسے بس اتنا یاد ہے کہ اس نے ایک مکان کے دروازے پر دستک دی تھی۔ کوئی دروازے پر نہیں آیا۔ ذرا دھکیلا تو دروازہ کھل گیا۔ میں اندر چلا گیا۔ وہاں کوئی نہیں تھا۔ اس کے بعد کیا ہوا، کچھ یاد نہیں۔

اس کا کہنا تھا کہ اگلی صبح ساڑھے آٹھ بجے میری آنکھ کھلی تو میں نے دیکھا کہ کمرے میں دو ٹیلی وژن بھی پڑے ہوئے ہیں۔ لیکن کچھ سمجھ میں نہیں آیا کہ یہ کہاں سے آئے ہیں۔ ذہن پر زور ڈالا تو ماسوائے ایک دورازے پر دستک دینے کے کچھ یاد نہیں تھا۔

اسی دوران ایک دوست نے بتایا کہ علاقے میں چوری ہوئی ہے اور چور دو ٹیلی وژن اٹھا کر لے گئے ہیں۔ ٹیلی وژن کی تفصیل یہی تھی۔ مجھے یقین ہو گیا ہے کہ میں ہی نشے کی حالت میں اس گھر میں گھسا اور وہاں سے ٹیلی وژن اٹھا لایا۔ میں سب کچھ ٹھیک کرنا چاہتا تھا۔ اس لیے دوست کے توسط سے ٹیلی وژن واپس کرنے گیا۔ مگر پولیس وہاں موجود تھی۔

پولیس نے 24 سالہ کومنز کو چوری کے الزام میں گرفتار کرنے کے بعد 1500 ڈالر کی ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ اب مقدمہ عدالت میں جائے گا۔ دیکھنا یہ ہے کہ عدالت کسے قصور وار ٹہراتی ہے کومنز کو یا نشے کو۔

XS
SM
MD
LG