رسائی کے لنکس

خیبرپختونخوا میں فائرنگ سے تین پولیس اہلکار ہلاک، آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ


 فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دہشت گردی کے واقعات

پاکستانی فوج کا ڈیرہ اسماعیل میں آٹھ دہشت گرد ہلاک کرنے کا دعویٰ

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی فوج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جھڑپ کے دوران آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب لکی مروت کے منجیولا چوک پر دہشت گردوں نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی گل محمد خان اور ایک اہلکار ہلاک ہو گئے۔

ایک اور واقعے میں جمعے کی شام جنوبی وزیرستان میں انسدادِ پولیو مہم میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکار کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پاکستان فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جینس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

بنوں اور قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کو ملانے والے علاقے جانی خیل میں ساجد نامی فرنٹیئر کور کے اہلکار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق لکی مروت اور بنوں میں پیش آنے والے واقعات کے بعد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

جنوبی وزیرستان کے مرکزی انتظامی شہر وانا کے علاقہ مانڑہ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے تھانہ راغزٸی کی حدود میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والا پولیس اہلکار انسدادِ پولیو مہم میں شامل اہلکاروں کے ساتھ ڈیوٹی کرنے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا۔

شمالی وزیرستان میں گھات لگا کر قتل کی واردات

رواں ہفتے منگل اور بدھ کو افغانستان سے ملحقہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گھات لگا کر قتل کی چار وارداتیں ہوئیں۔ قتل کیے جانے والوں میں ایک افسر سمیت دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا میں رواں ماہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں کی سرکاری رپورٹ بھی سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کے پانچ اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف 104 آپریشنز میں 52 شدت پسند ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں 10 کارروائیوں میں 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اسی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوہاٹ میں ایک کارروائی میں تین جب کہ باجوڑ میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں سے پانچ راکٹ لانچر، 24 پستول، 19 ایس ایم جی، تین مشین گن اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔

فورم

XS
SM
MD
LG