رسائی کے لنکس

دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ مال کی تعمیر


مال کا رقبہ 80 لاکھ مربع فٹ ہوگا۔ اس میں تھیم پارک، تھیٹرز، ہیلتھ سینٹرز ، 100ہوٹلز اور 20ہزار رہائشی کمرے ہوں گے۔ یہاں سالانہ ایک کروڑ 80لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے ۔۔اور ۔۔۔۔

دبئی ایسی سرزمین کا نام ہے جہاں باقی دنیا سے اس ریاست کو منفرد رکھنے کے لئے ہر روز نئے سے نئے تصورات پر غوراور نت نئے تجربات کئے جاتے ہیں ۔ عرب امارات کے اس شہر نے اپنی اسی پالیسی کی بدولت خلیج کی دیگر ریاستوں اور عرب ممالک کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اب اس شہر کے حکام ایک اور اعزازحاصل کرنے کے متمنی ہیں اور اس کے لئے انہوں نے ابھی سے کام شروع کر دیا ہے۔

ریاست کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس بار دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ مال کی تعمیر کا اعلان کیا ہے، جس میں تفریح کے ذرائع تو ہوں گے ہیں ساتھ ہی ساتھ یہاں آنے والے ہوٹلنگ کا بھی بھرپور مزہ لے سکیں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ اس منصوبے ’مال آف دی ورلڈ‘ کا اعلان اصل میں 18 ماہ پہلے کیا گیا تھا اور اس کا مقصد دبئی کے ریئل اسٹیٹ بزنس اور اسٹاک مارکیٹس کو بڑھاوا دینا تھا۔ لیکن، اب دوبارہ اس کی تعمیر کا اعلان کرنے سے مراد یہ باور کرانا ہے کہ منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے۔

تاہم، اعلان میں نہ تو یہ بتایا گیا ہے کہ تعمیر کب مکمل ہوگی اور ناہی اس پر خرچ ہونے والی رقم کے بارے میں کچھ کہا گیا ہے۔

دبئی ہولڈنگ کے چیئرمین محمد عبداللہ الجرگوی کا کہنا ہے کہ تعمیر کئی مراحل میں مکمل ہوگئی، جبکہ اس منصوبے سے دبئی کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ مال کا رقبہ 80لاکھ مربع فٹ ہوگا۔ شاپنگ مال میں تھیم پارک، تھیٹرز، سیاحوں کے لئے طبی سہولیات، 100ہوٹلز اور 20ہزار کمروں پر مشتمل رہائشی عمارات ہوں گی۔

صرف یہی نہیں بلکہ اس کمپلیکس میں سالانہ ایک کروڑ 80 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ سات کلومیٹر کا ایریا مختلف قسم کی گاڑیوں کے لئے مختص کیا گیا ہے، جبکہ سرد اور گرم موسموں سے بچنے کے لئے بھی یہاں ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG