رسائی کے لنکس

ڈیوین براوو کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈیوین براوو نے جمعرات کو میڈیا کو جاری ایک بیان میں تمام فارمیٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی۔

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر ڈیوین براوو نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ تاہم وہ دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی 20 لیگز کھیلتے رہیں گے۔

ڈیوین براوو نے جمعرات کو میڈیا کو جاری ایک بیان میں تمام فارمیٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی۔

براوو نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے، "مجھے آج بھی وہ لمحہ یاد ہے جب میں نے 14 برس قبل اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انگلینڈ کے خلاف جولائی 2004ء میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں اُترنے سے پہلے مجھے میرون کیپ دی گئی تھی۔ اُس وقت میں نے جس جوش اور جذبے کو اپنے اندر محسوس کیا، اُسے اپنے پورے کرکٹ کیرئیر کے دوران ساتھ رکھا۔"

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے اپنے کیریئرکا آخری ٹیسٹ 2010ء میں کھیلا تھا۔ جس کے بعد اُنہوں نے دھواں دار بیٹنگ، گراؤنڈ میں ایتھلیٹ کے انداز میں فیلڈنگ اور بولنگ میں ویری ایشنز لاکر خود کو ٹی 20 کرکٹ کے اسپیشلسٹ پلیئر کے طور پر منوایا۔

براوو نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران 40 میچز کھیلے اور 31 اعشاریہ 42 کی اوسط سے 2200 رنز بنائے جن میں تین سینچریاں بھی شامل ہیں۔ 39 اعشاریہ 83 کی اوسط سے 86 وکٹیں بھی اُن کے حصے میں آئیں۔

براوو نے 164 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔ اس دوران 25 اعشاریہ 36 کی اوسط سے 2968 رنز اسکور کیے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 82 اعشاریہ 30 رہا۔ انہوں نے 29 اعشاریہ 51 کی اوسط سے 199 وکٹیں بھی لیں۔

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے 66 ٹی20 میچوں میں 1142 رنز بنائے اور 52 وکٹیں بھی لیں۔

XS
SM
MD
LG